انگلینڈ ، یوروگوائے کے مابین بقاء کی جنگ

ساؤپاؤلو، 19 جون (سیاست ڈاٹ کام) برازیل میں فٹبال ورلڈکپ کے دوران جہاں بڑے میچ میں انگلینڈ اور یوروگوائے کی ٹیمیں مدِ مقابل ہوں گی وہیں کولمبیا کا مقابلہ آئیوری کوسٹ سے اور جاپان کا یونان سے ہوگا۔ انگلینڈ اور یوروگوائے دونوں اپنے گروپ میں فی کس ایک میچ کھیل چکی ہیں لیکن کامیابی حاصل کرنے سے محروم رہی ہیں۔انگلینڈ کو اپنے پہلے میچ میں اٹلی کے خلاف جبکہ یوروگوائے کو کوسٹاریکا کے خلاف شکست ہوئی ہے۔ میچ سے قبل انگلینڈ کے مینیجر رائے ہاجسن نے کہا تھا کہ ان کی ٹیم آج کے میچ میں جارحانہ رویہ اپنائے گی اور ہتھیار نہیں ڈالے گی۔ واضح رہے کہ اس میچ میں یوروگوائے کے اسٹار کھلاڑی لوئس سواریز بھی کھیلیں گے جو پچھلے میچ میں زخمی ہونے کی وجہ سے شریک نہیں ہوسکے تھے۔ دوسری طرف انگلینڈ کے اسٹرائیکر ویئن رونی جنھوں نے کسی بھی ورلڈکپ میچ میں انگلینڈ کی طرف سے کوئی گول نہیں کیا،

اس میچ میں اپنی روایتی درمیانی پوزیشن میں کھیلیں گے۔ رونی کو گذشتہ میچ میں غیر اطمینان بخش کارکردگی کی وجہ سے شائقین کی تنقید کا سامنا تھا جبکہ ماہرین نے کوچ ہاجسن کو رونی کو ان کی روایتی درمیانی مقام میں کھلانے پر زور دیا۔ اس میچ میں یوروگوائے کے اسٹار کھلاڑی لوئس سواریز بھی کھیلیں گے۔ یہ میچ گروپ ڈی کی ان دونوں ٹیموں کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ انگلینڈ اس میچ میں شکست کی صورت میں 56 سال میں پہلی مرتبہ ورلڈ کپ کے پہلے راؤنڈ میں ہی ٹورنمنٹ سے باہر ہو جائے گا جبکہ یوروگوائے کو بھی ٹورنمنٹ میں اپنی بقا کیلئے یہ میچ لازمی جیتنا ہوگا۔ دیگر مقابلوں میں کولمبیا کا مقابلہ آئیوری کوسٹ سے ہوگا۔ کولمبیا کو اس میچ میں ان کے اٹیک کرنے والے کھلاڑی کارلوس بیکا کا ساتھ حاصل نہیں ہوگا جن کی جگہ یونان کے خلاف میچ میں اسکور کرنے والے گٹیریز لے سکتے ہیں۔ آئیوری کوسٹ کا انحصار ڈیڈیئر ڈروگبا پر ہوگا جنھوں نے اپنی ٹیم کی جاپان کے خلاف فتح میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ دونوں ٹیموں کا یہ کسی بھی ٹورنمنٹ میں آپس میں یہ پہلا میچ ہوگا۔ دن کے آخری میچ میں جاپان کا مقابلہ یونان سے ہوگا۔ دونوں ٹیمیں اپنے پہلے مقابلہ میں شکست برداشت کرچکی ہیں اور اس میچ میں شکست کھانے والی ٹیم ٹورنمنٹ سے باہر ہو جائیگی۔