انگلینڈ۔ پاکستان ونڈے اور ٹی 20 سیریز کا اعلان

لندن ۔20 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) انگلینڈ نے پاکستان کے خلاف واحد ٹی ٹوئنٹی اور ونڈے میچز کی سیریز کی تفصیلات کا اعلان کردیا۔انگلش کرکٹ بورڈ (ای سی بی) کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق پاکستان آئندہ سال ورلڈ کپ سے قبل انگلینڈ میں ایک ٹی ٹوئنٹی اور 5 ونڈے میچز کھیلے گا۔سیریز کا واحد ٹی ٹوئنٹی میچ 5 مئی کو کارڈف کے صوفیہ گارڈنز میں کھیلا جائے گا۔دونوں ٹیموں کے درمیان ونڈے میچز کی سیریز کا پہلا مقابلہ 8 مئی کو اوول اور دوسرا میچ 11 مئی کو ساؤتھمپٹن میں کھیلا جائے گا۔تیسرا ونڈے 14 مئی کو برسٹل کے برائٹ سائڈ گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا، دونوں ٹیمیں17 مئی کو ناٹنگھم شائر کے ٹرینٹ بِرج گراؤنڈ میں ایک دوسرے کے مدمقابل آئیں گی، جبکہ سیریز کا پانچواں اور آخری میچ 19 مئی کو لیڈز کے ایمیرلڈ ہیڈنگلے اسٹیڈیم میں ہوگا۔اس سیریز کو اس لئے اہمیت حاصل ہوگی کہ اس سے پاکستانی کھلاڑیوں کو انگلینڈ اور ویلز میں ہونے والے ورلڈ کپ سے قبل انگلش وکٹوں اور حالات کو سمجھنے کا بہترین موقع ملے گا۔واضح رہے کہ آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کا ایونٹ 30 مئی کو شروع ہوگا۔