انگلینڈکو شکست دیکر نیوزی لینڈ نے سیریز برابر کردی

لیڈز ۔3 جون (سیاست ڈاٹ کام ) دوسرے ٹسٹ میں نیوزی لینڈ نے انگلینڈ کو 199 رنز سے شکست دے کر سیریز 1-1 برابر کر دی ۔دوسری اننگز میں انگلینڈ کی پوری ٹیم 255 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔انگلینڈ کی جانب سے دوسری اننگز میں جوز بٹلر نے 73 اور ایلسٹر کک نے 56 رنز بنائے۔ان دونوں بیٹسمینوں کے علاوہ انگلینڈ کے دیگر کھلاڑی یکے بعد دیگر آؤٹ ہوتے گئے۔انگلینڈ کی جانب سے ایڈم لیتھ اور ایلسٹر کک نے پانچویں دن کے کھیل کا آغاز کیا۔دوسری اننگز میں انگلینڈ کا آغاز بہتر نہ تھا اور صرف 62 رنز کے مجموعی اسکور پر اس کے چار ابتدائی بیسٹمین پویلین لوٹ گئے۔نیوزی لینڈ کی جانب سے دوسری اننگز میں ٹرینٹ بولٹ اور مارک گریگ نے فی کس دو جبکہ کین ویلم سن نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔قبل ازیں لیڈز ٹسٹ کے چوتھے دن نیوزی لینڈ نے اپنی دوسری اننگز کا دوبارہ آغاز کیا اور 452 رنز آٹھ کھلاڑی آؤٹ پر اننگز ڈکلیئر کر دی تھی۔نیوزی لینڈ کی جانب سے دوسری اننگز میں بی جے واٹلنگ نے 120 جبکہ مارٹن گپٹل نے 70 رنز بنائے۔انگلینڈ کی جانب سے مارک ووڈ نے تین اور جیمس اینڈرسن اور اسٹورٹ براڈ نے فی کس دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔اس سے قبل انگلینڈ کی پوری ٹیم نیوزی لینڈ کی پہلی اننگز میں 350 رنز کے جواب میں 350 رنز بنا کر ہی آؤٹ ہو ئی تھی۔