چینائی ، 28 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان ویمن ٹیم کا ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے سیمی فائنل میں پہنچنے کا خواب چکناچور ہوگیا جبکہ انگلینڈ نے گروپ کے آخری میچ میں اسے بہ آسانی 68رنز سے شکست دی۔ گزشتہ روز یہاں انگلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 5 وکٹ پر 148رنز اسکور کئے، اوپنر چارلوٹ ایڈورڈز نے 77رنز کی شاندار اننگز کھیلی، بیماؤنٹ نے 37رنز بنائے۔ پاکستان کی جانب سے ندا ڈار نے تین اور اسماویہ اقبال نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں پاکستانی خواتین حریف بولروں کے سامنے نہ ڈٹ کر کھیل نہ سکیں اور ٹیم اٹھارہویں اوور میں 80رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ ندا ڈار 16، ناہیدہ خان اور اسماویہ اقبال نے 15، 15 رنز بنائے۔ مارش نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ ایونٹ میں پاکستان نے دو میچوں میں فتح حاصل کی اور دو میں اسے ناکامی ہوئی۔