انگلش کپتان کک سری لنکا کے خلاف سنچری کے خواہاں

لیڈس ۔ 20 جون (سیاست ڈاٹ کام) انگلش کرکٹ ٹیم کے کپتان الیسٹرکک امید کررہے ہیں کہ سری لنکا کے خلاف یہاں ہیڈنگلے میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹسٹ میں وہ اپنا کھویا ہوا فام حاصل کرتے ہوئے سنچری کی سمت واپسی کریں گے۔ سری لنکا کے خلاف لارڈس میں منعقدہ پہلے ٹسٹ میں کک نے دو اننگز میں بالترتیب 17 اور 28 رنز اسکور کئے تھے جبکہ آسٹریلیا کے خلاف ایشیس سیریز میں انگلش ٹیم کا جہاں مکمل صفایا ہوا تھا وہیں کپتان کک کا فام بھی انتہائی ناقص رہا۔ ناقص فام کے باوجود کک کے ذہن میں گذشتہ برس نیوزی لینڈ کے خلاف یہاں ہیڈنگلے میں اسکور کی گئی سنچری ہنوز موجود ہے اور انہیں امید ہیکہ سری لنکا کے خلاف وہ یہاں ایک اور سنچری اسکور کرتے ہوئے اپنا کھویا ہوا فام حاصل کرلیں گے۔

اس ضمن میں اظہارخیال کرتے ہوئے کک نے کہا کہ مجھے رنز اسکور کرنے کی سمت واپسی کی ضرورت ہے اور جتنے رنز ہوسکے وہ اسکور کرنا چاہتا ہوں۔ بائیں ہاتھ کے اوپنر نے مزید کہا کہ وہ فام میں واپسی کیلئے سخت محنت کررہے ہیں۔ سری لنکا کے خلاف یہاں کھیلا جارہا دوسرا ٹسٹ انگلش ٹیم کے سینئر بیٹسمین این بیل کے کیریئر کا 100 واں ٹسٹ ہے۔ اس ضمن میں اظہارخیال کرتے ہوئے کپتان نے کہا کہ ان نمبرات کو دیکھئے کہ ایک کھلاڑی مسلسل طویل عرصہ سے ان کی خدمات انجام دے رہا ہے دوسری جانب بیل نے خود کہا ہیکہ انہوں نے کبھی اتنے طویل مقابلوں تک ٹیم کی نمائندگی کا سوچا بھی نہیں تھا۔ علاوہ ازیں سری لنکائی کپتان اینجیلو میتھوس نے انگلینڈ کے خلاف دو ٹسٹ مقابلوں کی سیریز کو 0-0 سے برابری پر ختم کرنے کے نظریہ کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ان کی ٹیم سیریز میں کامیابی کی خواہاں ہے۔