انگلش کوچ، ثقلین سے دوبارہ معاہدہ کے خواہش مند

لندن ، 28 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) انگلینڈ کے ہیڈ کوچ ٹریور بیلس نے پاکستان کے خلاف دوسرے ٹسٹ میچ میں بہترین نتائج کے بعد ثقلین مشتاق کے ساتھ رواں سال دوبارہ معاہدہ کرنے کا ارادہ ظاہرہ کردیا ہے۔ انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ نے ’دوسرا‘ کے موجد ثقلین مشتاق کی خدمات ابتدائی طور پراولڈ ٹرافورڈ میں دوسرے ٹسٹ کیلئے حاصل کئے تھے۔ انگلش ٹیم رواں سال طے شدہ شیڈول کے مطابق بنگلہ دیش اور ہندوستان کا دورہ کرے گی اور بیلس بورڈ کے ڈائریکٹر کرکٹ اینڈریو اسٹراؤس سے دونوں دوروں کیلئے اسپن بولنگ کو زیادہ کارآمد بنانے کیلئے ثقلین سے معاہدہ پر بات کریں گے۔ گارجین کی رپورٹ کے مطابق بیلس نے کہا کہ معین علی اور عادل رشید دونوں اُن کے ساتھ کام کرتے ہوئے لطف اندوز ہورہے ہیں اور اس کے نتائج بھی مثبت آئے ہیں اور ہماری نظریں اُن سے دوبارہ فائدہ اٹھانے پر مرکوز ہوں گی۔ معین نے دوسرے ٹسٹ میں بہترین بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے میچ میں 5 وکٹیں حاصل کئے جبکہ عادل اس میچ کا حصہ نہیں تھے۔ ثقلین نے 1995ء تا 2004ء پاکستان کیلئے 496 انٹرنیشنل وکٹیں حاصل کئے۔