انگلش ٹیم ورلڈ کپ جیتنے کی اہل نہیں:سوان

لندن ۔26 اگست(سیاست ڈاٹ کام) انگلینڈ کے سابق اسپنرگرائم سوان نے کہا ہے کہ انگلینڈ کا آئندہ برس آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں منعقد ہونے والا کرکٹ کا ورلڈ کپ جیتنے کا کوئی موقع نہیں ہے۔ سوان کے مطابق انگلش ٹیم کو کرکٹ کا عالمی کپ جیتنے کے لئے موجودہ کپتان السٹر کک کو تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔سابق انگلش بولر نے ٹسٹ میچ اسپیشل میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہ ہم کرکٹ کا عالمی کپ نہیں جیت سکتے۔انگلینڈ کی جانب سے 79 ونڈے میں 104 وکٹیں حاصل کرنے والے سوان موجودہ ٹیم میں السٹر کک، ائین بیل اور گیری بیلنس کی جگہ ہیمشائر کے جیمز ونس، سرے کے جیسن رائے اور ناٹنگھم کے جیمز ٹیلر کو دیکھنا چاہتے ہیں۔انھیں اس بات پر بھی خوشی ہے کہ اوپنر ایلکس ہیلز آئندہ برس فروری اور مارچ میں ہونے والے کرکٹ کے عالمی کپ سے پہلے سلیکٹروں کا اعتماد حاصل کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔

ایلکس ہیلز کو ٹوئنٹی20 کا ماہر مانا جاتا ہے۔ وہ ہندوستان کے خلاف پیر کو کھیلے جانے والے میچ میں اپنے کریئر کا آغاز کرنے والے تھے کہ بارش کی وجہ سے وہ میچ منسوخ کرنا پڑا تاہم سوان کو یقین ہے کہ 25 سالہ ہیلز کو اس کے لئے بہت زیادہ انتظار کرنا پڑا۔سوان نے بموجب کہ ایلکس ہیلز کو دو یا تین سال قبل انگلیڈ کی ٹیم میں شامل کیا جانا چاہیے تھا۔انھوں نے کہا کہ ایلکس نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹرینٹ بریج میں کھیلے گئے ٹوئنٹی20 میچ میں 99 رنز بنائے تھے۔سوان کے مطابق ایلسٹر کک، ائین بیل اور گیری بیلنس جیسے کھلاڑی عالمی کپ نہیں جتوا سکتے تاہم ایلکس ہیلز، جیمز وینس، جیسن رائے، جیمز ٹیلر، جوز بٹلر اور ائین مورکن جیسے کھلاڑی ایسا کر سکتے ہیں۔انگلینڈ کی جانب سے ونڈے میں 78.16 کی اوسط سے 2,967 رنز بنانے والے کک آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں اپنے ملک کی نمائندگی کریں گے تاہم سوان کا کہنا ہے کہ انھیں ٹیم کی قیادت کسی دوسرے کے سپرد کر دینا چاہیے۔