لارڈز۔29 مئی(سیاست ڈاٹ کام) انگلینڈ نے پاکستان کے خلاف پہلے ٹسٹ میں شکست کے بعد مارک اسٹون مین کو ٹیم سے خارج کرتے ہوئے لنکا شائر کے اوپنرکیٹن جیننگز کو دوسرے ٹسٹ میچ کے لیے طلب کر لیا ہے۔پاکستان نے انگلینڈ کو لارڈز میں کھیلے گئے پہلے ٹسٹ میچ میں 9 وکٹوں سے شکست دے کر دو ٹسٹ میچوں کی سیریز میں 1-0 سے برتری حاصل کرلی ہے اور مارک اسٹون مین میچ کی دونوں اننگز میں صرف 13 رنز اسکور کر سکے تھے۔واضح رہے کہ 2012 میں اینڈریو اسٹراس کی سبکدوشی کے بعد سے انگلینڈ کو اپنے سب سے کامیاب اوپنر ایلسٹر کک کا اوپننگ پارٹنر ڈھونڈنے میں مشکلات کا سامنا ہے اور متعدد کھلاڑیوں کو آزمانے کے باوجود ابھی تک کوئی بھی خود کو کک کا اچھا جوڑی دار ثابت نہیں کر سکا۔انگلش چیف سلیکٹر ایڈ اسمتھ نے کہا کہ اسٹونمین کی رواں سال اب تک کی کارکردگی مایوس کن رہی اس لیے ان کی جگہ کیٹن جیننگز کو موقع دیا گیا ہے جنہوں نے اب تک کاؤنٹی سیزن میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔معلنہ ٹیم میں کپتان جو روٹ، ایلسٹر کْک، کیٹن جیننگز ،ڈیوڈ ملان، جانی بیئراسٹو، بین اسٹوکس، جوز بٹلر، کرس ووکس، مارک ووڈ، اسٹورٹ براڈ، جیمز اینڈرسن اور ڈومینک بیس موجود ہیں۔پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان دوسرا اور آخری ٹسٹ یکم جون کو ہیڈنگلے میں شروع ہوگا اور پاکستان کو سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل ہے۔