لندن ۔ 22 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان کے خلاف لارڈس ٹسٹ میں شکست اور سیریز میں پیچھے رہنے کے بعد انگلش کرکٹ ٹیم کے خیمہ میں منفی نتائج دیکھنے کو مل رہے ہیں جس سب سے پہلے متاثر وکٹ کیپر بیٹسمین ماٹ پریار ہوئے ہیں اور انہوں نے عملاً کرکٹ سے سبکدوشی کا اعلان کردیا ہے جس کے بعد کپتان الیسٹر کک کے رول پر بھی سوالات اٹھائے جارہے ہیں۔ وکٹ کیپر بیٹسمین پریار نے فیصلہ کیا ہیکہ وہ اپنے کام سے مکمل انصاف نہیں کر پارہے ہیں جیسا کہ زخمی ہونے کی وجہ سے ان کی وکٹ کیپنگ اور بیٹنگ دونوں متاثر ہورہے ہیں لہٰذا وہ ہندوستان کے خلاف سیریز میں ماباقی مقابلوں میں ٹیم کی نمائندگی نہیں کریں گے۔ دوسری جانب الیسٹرکک کا ناقص فام مسلسل جاری ہے
جیسا کہ انہوں نے ٹسٹ کی گذشتہ 7 اننگز میں صرف 115 رنز اسکور کئے ہیں اور کہا جارہا ہیکہ کپتان کے ناقص فام کی وجہ سے ٹیم کے سینئر کھلاڑیوں کو سبکدوشی کا اعلان کرنا پڑ رہا ہے۔ دریں اثناء انگلش ٹیم کے سابق کپتان مائیکل وان نے کہا ہیکہ کک میں 13 ٹسٹ رنز اسکور کرنے کی صلاحیت ہے۔ تاہم اگر وہ اس طرح جدوجہد کرتے رہیں ان کے کیریئر کو ہی شدید خطرات لاحق ہیں۔ وان نے روزنامہ ٹیلی گراف کیلئے تحریر کردہ اپنے مضمون میں لکھا ہیکہ انگلینڈ اینڈ ویلس کرکٹ بورڈ نے کک کی قیادت پر بھروسہ کیا ہے لیکن بعض اوقات ان فیصلوں کو قبول کرنا پڑتا ہے جوکہ ہمارے حق میں کارگرد ثابت نہیں ہورہے ہیں۔