ساؤپاؤلو۔ 20 جون (سیاست ڈاٹ کام) پولیس نے 14 برازیلی شہریوں کو گرفتار کرلیا جنہوں نے ورلڈ کپ مقابلہ سے قبل یہاں انگلینڈ کے مداحوں پر نہ صرف پٹاخے ڈالے بلکہ ان کے خلاف اشتعال انگیز فقرے بھی کسے۔ برازیلی شہریوں نے انگلینڈ ۔ یوروگوائے کے مقابلہ سے قبل یہاں جمع ہونے والے شائقین کے خلاف اشتعال انگیز برتاؤ اختیار کیا جبکہ یہ مقابلہ جنوب امریکی ٹیم نے انگلش ٹیم کے خلاف 2-1 سے اپنے نام کرلیا۔ ابتدائی رپورٹ میں کہا گیا ہیکہ برازیلی شہریوں نے شدید نوعیت کے پٹاخے استعمال کئے لیکن پولیس کے ترجمان رومولو گیبریٹ لارا نے کہا کہ شہریوں نے چھوٹے نوعیت کے پٹاخے استعمال کئے ہیں جوکہ برازیل میں جون میں منعقد ہونے والی روایتی تقاریب میں استعمال کئے جاتے ہیں۔ ترجمان نے مزید کہا کہ ان پٹاخوں میں پاؤڈر ہوتا ہے جو کہ تیز آواز کے ساتھ پھٹتے ہیں لیکن جلتے نہیں ہیں۔