دبئی ۔5 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام ) انگلش کرکٹ ٹیم نے سری لنکا کو تیسرے ونڈے میں شکست دیکر 7 مقابلوں کی سیریز میں تو واپسی کی ہے لیکن یہ فتح اسے راس نہ آسکی۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے انگلش ٹیم کے قائد السٹرکک کو سلو اوور ریٹ کی پاداش میں ایک میچ کیلئے معطل کر دیا ہے۔ معطلی کے باعث کک سری لنکا کے خلاف 7 دسمبر کو چوتھا ون ڈے نہیں کھیلیں گے اور ان کی جگہ ایان مورگن کپتان کی ذمہ داری سنبھالیں گے۔ انہیں 12 ماہ کے دوران دوسری مرتبہ جرمانے کا سامنا کرنا پڑا ہے لہٰذا آئی سی سی قوانین کے مطابق وہ اگلے میچ کیلئے خود بخود معطل ہوگئے ہیں۔ آئی سی سی میچ ریفری ڈیوڈ بون کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق انگلش ٹیم ہمبنٹوٹا میں سری لنکا کے خلاف کھیلے گئے سیریز کے تیسرے میچ میں مقررہ وقت میں اوورز مکمل کرنے میں ناکام رہی تھی جس کے باعث السٹرکک کو ایک میچ کیلئے معطل کیا گیا ہے، اس کے علاوہ کک پر میچ فیس کا 20 فیصد جبکہ ٹیم کے دوسرے کھلاڑیوں پر 10 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ انگلش ٹیم اس سے قبل کارڈیف میں ہندوستان کے خلاف کھیلے گئے ونڈے میں مقررہ وقت میں اوورس ختم کرنے میں ناکام رہی تھی۔