لاہور ، 30 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان میں جاری ورلڈ ٹی ٹوئنٹی اور اس سے قبل بنگلہ دیش میں منعقدہ ایشیا کپ میں پاکستان کی شکست کی وجوہات جاننے کیلئے پاکستان کرکٹ بورڈ کی قائم کردہ انکوائری کمیٹی کا اجلاس گزشتہ روز یہاں قذافی سٹیڈیم میں منعقد ہوا۔ پی سی بی کی جانب سے تشکیل کردہ پانچ رکنی کمیٹی کے صرف تین ارکان شکیل شیخ، اقبال قاسم اور سبحان احمد اجلاس میں شریک ہوئے جبکہ سابق کپتان یونس خان اور مصباح الحق نے اپنی شرکت کو اہمیت نہیں دی۔ انکوائری کمیٹی نے سابق کرکٹرز محسن خان، محمد یوسف، توصیف احمد اور جلال الدین کو بھی مشاورت کیلئے مدعو کیا تھا لیکن ان میں سے کوئی بھی اجلاس میں نہیں پہنچا۔ نیشنل کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ وقار یونس اور فیلڈنگ کوچ گرانٹ لڈن انکوائری کمیٹی کے روبرو پیش ہوئے اور شکست کی وجوہات بیان کئے۔ کمیٹی کا اجلاس چہارشنبہ کو بھی جاری رہے گا، جس میں بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور کمیٹی کے سامنے پیش ہوں گے۔ تاہم کپتان شاہد آفریدی کے بارے میں معلوم ہوا کہ انہوں نے کمیٹی کو لاہور میں اپنی عدم دستیابی سے آگاہ کردیا ہے اور کہا ہے کہ وہ بیٹی کی بیماری کی وجہ سے لاہور نہیں آسکتے ۔ اس لیے وہ ٹیلی فون پر کمیٹی کو اپنا جواب دیں گے۔