کوہیر۔/25مارچ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کوہیر منڈل مستقر میں انٹر میڈیٹ اور ڈگری کے علاوہ پروفیشنل کورسیس کے طلباء وطالبات نے انکم اور کاسٹ کے سرٹیفکیٹ کے حاصل کرنے میں تاخیر کے خلاف کوہیر تحصیل آفس پر زبردست احتجاجی دھرنا منظم کیا گیا۔ اس موقع پر طلباء نے بتایا کہ انکم اور کاسٹ سرٹیفکیٹ کے حصول میں تاخیر ہونے پر طلباء کی زندگی برباد ہوجائے گی اور طلباء کا تعلیمی سال خراب ہوجانے کا خدشہ ہے۔ اسکولوں اور کالج کے انتظامیہ طلباء کو ہال ٹکٹ نہیں دے رہے ہیں۔ اس کے علاوہ مسلم میناریٹی طلباء کو بی سی ای سرٹیفکیٹ نہ ہونے سے شدید مصائب کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ احتجاج کی شدت کو دیکھتے ہوئے کوہیر تحصیلدار نے ضلع کے اعلیٰ عہدیداروں سے بات چیت کرتے ہوئے طلباء کو تیقن دیا کہ انکم سرٹیفکیٹ صرف ایک دودن میں طلباء کو دے دیا جائے گا۔ کاسٹ سرٹیفکیٹ سفید سادے پیپر پر دیا جائے گا جس کی مہر ثبت ہوگی ۔اس کے علاوہ کالجوں اور اسکولوں کے انتظامیہ سے بھی بات چیت کرتے ہوئے ہدایت دی جائے گی۔ اس موقع پر محمد کلیم الدین یوتھ لیڈر ٹی آر ایس وغیرہ موجود تھے۔