انکاؤنٹر میں ہلاک گینگسٹر نعیم معاملہ میں اہم انکشافات اندرون دو دن سامنے آنے کا امکان

حیدرآباد ۔ 6 ۔ ستمبر ( سیاست نیوز ) حال ہی میں تلنگانہ کے ضلع محبوب نگر کے شاد نگر میں انکاونٹر میں ہلاک گینگسٹر نعیم معاملہ میں اہم انکشافات اندرون دو دن سامنے آنے کا امکان ہے ۔نعیم کی انکاونٹر میں ہلاکت کے بعد خصوصی جانچ کی ٹیم کے افسروں نے اس کے 62حامیوں کو حراست میں لیتے ہوئے ان کے خلاف جبری وصولی ‘ اراضی پر ناجائز قبضوں اور دیگر جملہ 65معاملات درج کئے ۔ ان سے پوچھ تاچھ کے دوران حاصل اطلاعات کی بنیاد پر سیاسی زاویہ سے بھی معاملہ کی جانچ کی جارہی ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ نعیم کے حامیوں سے حاصل معلومات کی بنیاد پر خصوصی جانچ ٹیم بعض تاجروں سے بھی پوچھ تاچھ کی تیاری کررہی ہے ۔ ذرائع کے مطابق نعیم کے اصل حامی پی سرینو نے پولیس پوچھ تاچھ کے دوران سوسے زائد ناموں کا انکشاف کیا ہے ۔آدی بٹلہ اور پہاڑی شریف علاقوں میں پولیس نے سنجیوا ریڈی اور سری ہری نامی دو افراد کو حراست میں لے لیا جس کے بعد نعیم کی جانب سے مختلف اراضیات پر ناجائز قبضہ کے متاثرین پولیس سے شکایت کیلئے سامنے آئے ۔