انکاؤنٹرس فرضی ، تحقیقات کا مطالبہ

ورنگل میں انقلابی ادیب ورا ورا راؤ کی پریس کانفرنس
ورنگل۔/2نومبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) انقلابی ادیب ورا ورا راؤ نے ورنگل پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج ملک میں جمہوریت کا قتل ہورہا ہے، فرضی انکاؤنٹر کے ذریعہ نوجوانوں کو ختم کیا جارہا ہے، آندھرا ۔ اڑیسہ سرحد پر 32 ماویسٹ نوجوانوں کو اور بھوپال میں8 سیمی کارکنوں کا فرضی انکاؤنٹر کیا گیا۔ یہ دونوں انکاؤنٹرس فرضی تھے۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے ذریعہ تحقیقات کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ انکاؤنٹر انجام دینے والی پولیس پر مقدمہ درج کیا جائے، ان انکاؤنٹرس کے تعلق سے پولیس کی جانب سے جو بیانات دیئے گئے ہیں وہ حقیقت سے عاری ہیں۔ ماویسٹ کے نام پر آدی واسیوں کو قتل کیا گیا۔ انکاؤنٹر میں ہلاک ہونے والے 9 افراد کی شناخت بھی نہیں ہوسکی۔ پولیس کی جانب سے پہلے ان افراد کو پکڑا گیا اور شدید اذیتیں دی گئیں اس کے بعد مارا گیا اور اس کو انکاؤنٹر کا نام دیا گیا ہے۔ نعشوں کو ورثاء کو دیکھنے کی اجازت بھی نہیں دی گئی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ آر کے جیسے مشہور ماویسٹ کا ابھی تک پتہ نہیں چلا ہے۔ یہ پولیس کی حراست میں ہے جلد سے جلد آر کے کو عدالت میں پیش کیا جائے ورنہ پولیس اس کا بھی انکاؤنٹر کرے گی۔ ابھی تک کئی بڑے ماویسٹ لیڈروں کی اطلاع نہیں ہے ہمیں شک ہے کہ یہ بھی پولیس کی حراست میں ہوں گے۔ ورا ورا راؤ نے مزید کہا کہ بھوپال میں بھی غلط طریقہ سے انکاؤنٹر کیا گیا۔ سخت سیکورٹی والی جیل سے 8 قیدی فرار ہوتے ہیں یہ حیرت انگیز بات ہے اور فرار قیدی کس طرح جینس پینٹ، ٹی شرٹ، ہاتھ میں گھڑی اور شو پہنا کرتے ہیں۔ کیا قیدی یہ سب پہن کر جیل میں رہتے ہیں۔؟ آلیر میں بھی 5سیمی کے کارکنوں کا انکاؤنٹر کیا گیا اس کی بھی تحقیقات ضروری ہے۔ منصوبہ بند طریقہ سے ماویسٹ اور سیمی کارکنوں کو مارا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت میں میڈیا کا چوتھا مقام ہے، میڈیا کی ذمہ داری ہے کہ وہ جمہوریت کی حفاظت کرے۔ حکومت کے اقدام کو میڈیا پوچھ نہیں رہا ہے، میڈیا خاموش تماشائی بنا ہوا دکھائی دے رہا ہے۔

دو سرکل انسپکٹرس کا تبادلہ
نظام آباد:2؍ نومبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کمشنر آف پولیس نے دو سرکل انسپکٹرس کا تبادلہ کرتے ہوئے احکامات جاری کئے گئے۔ کمشنر آفس جی سی آر بھی کام کرنے والے سرینواس کو وقارآباد ضلع رنگاریڈی کے سرکل انسپکٹر کی حیثیت سے تقرر کیا گیا۔ ایس ایچ او بودھن کی حیثیت سے نلگنڈہ ضلع کے وی آر میں موجود سریندر کا تقرر کرتے ہوئے احکامات جاری کئے گئے۔ جبکہ ایس ایچ او بودھن وینکنا کو ایس بی سرکل انسپکٹرکی حیثیت سے تقرر کیا گیا۔