انڈ و پاک کرکٹ پر عنقریب دوسرے دور کی بات چیت

چنڈی گڑھ ، 14 مئی (سیاست ڈاٹ کام) مجوزہ انڈیا۔ پاکستان سیریز کے بارے میں جاری زبردست قیاس آرائیوں کے درمیان بی سی سی آئی نے اشارہ دیا کہ دونوں طرف کے بورڈس کے درمیان دوسرے دور کی با ت چیت عنقریب منعقد ہوسکتی ہے تاکہ باہمی کرکٹ روابط کے احیاء کیلئے قواعدکار ترتیب دیئے جاسکیں۔ پی سی بی چیرمین شہریارخان نے حال میں ہندوستان کا دورہ کرتے ہوئے انڈو ۔ پاک کرکٹ روابط کے احیاء کیلئے پرزور سعی کی تھی ۔ شہریار نے صدر بی سی سی آئی جگموہن ڈالمیا کے ساتھ کولکاتا میں مشترکہ صحافتی بیان جاری کرتے ہوئے تین ٹسٹ ، پانچ او ڈی آئیز اور دو ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلس کی رواں سال ڈسمبر میں یو اے ای میں تجویز پیش کی تھی لیکن بی سی سی آئی نے مجوزہ سیریز اور مقام کے بارے میں ابھی تک کوئی واضح بیان نہیں دیا ہے ۔ بی سی سی آئی سکریٹری انوراگ ٹھاکر نے یہاں پریس کانفرنس کو بتایا کہ ممکنہ طورپر آنے والے چند یوم یا ہفتوں میں دوسرے دور کی بات چیت ہوسکتی ہے ۔ ٹھاکر نے جو ہماچل پردیش کے حمیرپور سے بی جے پی ایم پی ہیں ، کہا کہ دونوں ملکوں کے بورڈس کے درمیان بات چیت ’’ابتدائی مراحل ‘‘ میں ہی ہے ۔ انھوں نے بتایا کہ اس سیریز کا ابھی قطعی فیصلہ کیا جانا ہے لیکن یہ مسئلہ پہلے ہی پارلیمنٹ میں بھی اُٹھایا جاچکا ہے جبکہ بعض ٹی وی چینلوں نے اس پر مباحث بھی شروع کردیئے ہیں۔ انھوں نے اس سیریز کے تعلق سے تازہ صورتحال کی وضاحت میں کہا کہ ’’میں بس اتنا کہنا چاہتا ہوں کہ دونوں بورڈس کے درمیان بات چیت شروع ہوچکی ہے جو ابھی ابتدائی نوعیت کی ہے اور جب دونوں فریقوں کی بات چیت ٹھوس مرحلے میں پہنچ جائے گی تب حکومت کا رول شروع ہوگا ‘‘۔ انھوں نے بتایا کہ ایسی کئی چیزیں ہیں جو بی سی سی آئی اور پی سی بی کے درمیان طئے ہونا ہے ۔ پی سی بی چیرمین اس ضمن میں ہندوستان میں اپنے ہم منصب سے ملاقات کرچکے ہیں ۔ ٹھاکر نے کہاکہ آئی سی سی کے فیوچر ٹورس پروگرام کے مطابق ہند و پاک کی مجوزہ سیریز کی میزبانی پاکستان ڈسمبر میں کرنا ہے ۔

ڈراویڈ انڈو۔ پاک سیریز کے پرزور حامی
ممبئی، 14 مئی (سیاست ڈاٹ کام) انڈو ۔ پاک کرکٹ سیریز کے مجوزہ احیاء کی بھرپور حمایت کرتے ہوئے سابق کپتان راہول ڈراویڈ نے آج کہا کہ وہ بالکلیہ کرکٹ کے تناظر میں اس کا خیرمقدم کرتے ہیں ، یہ اور بات ہے کہ کئی دیگر اُمور کو دیکھنا ہوتا ہے ۔ ڈراویڈ نے آئی پی ایل فرنچائز راجستھان رائلز کی میڈیا کانفرنس کے موقع پر کہا کہ کرکٹ کے نقطہ نظر سے دیکھیں تو انڈیا ۔ پاکستان سیریز کسی بھی موقع پر خوش آئند ہے لیکن یہ سیریز کرکٹ سے کہیں بڑھکر ہوجاتی ہے ، جیسا کہ سکیورٹی زاویہ اور سیاسی حالات کو بھی دیکھنا پڑتا ہے اور اس معاملے میں دونوں بورڈس بھی اہم ہیں۔