انڈین مینس باکسنگ میں پہلی بار 2 چیف کوچیس

نئی دہلی ، 3 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) انڈین باکسنگ میں پہلی مرتبہ چیف کوچ کی پوزیشن پر دو اشخاص ذمہ داریاں انجام دیں گے جیسا کہ ڈروناچاریہ ایوارڈ یافتہ ایس آر سنگھ اور سابق سب جونیر ویمنس کوچ شیو سنگھ کو پٹیالہ اور اورنگ آباد کے دو علحدہ کیمپس کی ذمہ داری سونپ دی گئی ہے۔ یہ دونوں گربخش سنگھ سندھو کی جگہ لے رہے ہیں، جنھیں مینس چیف کوچ کی حیثیت سے زائد از دو دہے کی خدمات کے بعد ویمنس باکسنگ کی باگ ڈور بھی حوالے کی گئی تھی۔ مرد باکسرز کیلئے پٹیالہ میں نیشنل کیمپ 10 جنوری کو شروع ہوگا جس میں 47 باکسرز ایس آر سنگھ کے تحت حصہ لیں گے جبکہ بقیہ 38 باکسرز اورنگ آباد میں شیو سنگھ کی نگرانی میں مشق کریں گے۔ علاوہ ازیں نیشنل یوتھ کوچ جی منوہرن کو 20 رکنی کوچنگ اسٹاف میں دونوں چیف کوچیس کا ڈپٹی بنایا گیا ہے۔ کوچنگ اسٹاف میں دو ارکان کا انتخاب متعاقب کیا جائے گا۔ منوہرن اورنگ آباد کیمپ کا حصہ رہیں گے۔ صدر باکسنگ فیڈریشن آف انڈیا اجے سنگھ نے نیوز ایجنسی ’پی ٹی آئی‘ کو بتایا کہ ’’ہم نے یہ تقررات باکسروں اور کوچیس سے رائے حاصل کرنے کے بعد کئے ہیں۔ ہم نے چاہا کہ کوچیس کا بڑا پول تیار ہوجائے اور ہم نے نیشنل کیمپ کو مختلف النوع بھی بنانا چاہا۔ لہذا اب یوں ہوگا کہ یہ باکسرز ان دونوں کیمپس باقاعدگی سے ایک دوسرے کے خلاف مسابقت کیا کریں گے‘‘۔ ایس آر سنگھ مرد اور خاتون باکسرز دونوں کی ٹیموں سے وابستہ رہے ہیں، لیکن شیوسنگھ نے بنیادی طور پر سب جونیر لیول پر کام کیا ہے اور اعلیٰ ذمہ داری کیلئے اُن کا سلیکشن کچھ حیران کن رہا ہے۔ حالیہ قیاس آرائیوں کے مطابق سابق کامن ویلتھ گیمز اور ایشین چمپئن شپس گولڈ میڈلسٹ ایم سورنجے سنگھ کو اسسٹنٹ کوچ کی حیثیت سے لایا گیا ہے۔ سورنجے موجودہ طور پر انڈین نیوی کے چیف کوچ ہیں۔ بقیہ کوچنگ اسٹاف میں معروف اور آزمودہ نام شامل ہیں جیسے جے دیو بشٹ، سی اے کوٹپا، این رمانند ۔ بشٹ کو ابتداء میں ویمنس باکسنگ اسٹاف میں منتخب کرنے کے بعد مینس کیمپ کو منتقل کیا جارہا ہے۔