انڈین فٹبال کی نئی پستی ، دنیا میں اب 173 واں مقام

پڑوسی پاکستان (170 ) کی بہتر پوزیشن ۔ ایران بدستور ایشیا میں سرفہرست ۔ فیفا کی تازہ درجہ بندی
زورِک ( سوئٹزرلینڈ )، 12 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان کو فیفا کی تازہ درجہ بندی میں 173 واں رینک ملا ہے جبکہ پڑوسی پاکستان کا 170 واں مقام ہے۔ دنیا کی دوسری سب سے زیادہ آبادی والی قوم 209 ممالک کی چارٹ میں اپنے اب تک کے بدترین درجہ تک گھٹ چکی ہے۔ آل انڈیا فٹبال فیڈریشن (اے آئی ایف ایف) نے اسٹیفن کنسٹنٹائن کو نیشنل ٹیم کا نیا ہیڈ کوچ مقرر کیا ہے، جن کی پہلی مصروفیت ہندوستان کو 2018ء ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائرز کے اگلے راؤنڈ تک پہنچانا رہے گی جبکہ وہ دو مرحلے کے مقابلے میں نیپال (دنیا میں 180 واں درجہ) کا سامنا کرے گا۔ یہ بات نمایاں ہے کہ انڈین نیشنل ٹیم نے گزشتہ سال صرف دو انٹرنیشنل فرینڈلی میچز کھیلے اور ترتیب وار بنگلہ دیش و فلسطین کے خلاف جیت حاصل کرنے میں ناکام ہوئی۔ ایران بدستور 42 ویں مقام پر بہترین رینک والی ایشیائی قوم ہے جبکہ جاپان کی 53 پر دوسری پوزیشن ہے۔