انڈین فٹبال ٹیم کی آج لاؤس روانگی

ایشین کپ کوالیفائرز کا مقابلہ 2 جون کو مقرر ، ریٹرن میچ گوہاٹی میں ہوگا
نئی دہلی ، 30 مئی (سیاست ڈاٹ کام) بیس رکنی انڈین فٹبال ٹیم 2019ء اے ایف سی ایشین کپ کوالیفائرز کے 2 جون کو لاؤس میں مقررہ پلے آف میچ کیلئے کل کی ابتدائی ساعتوں میں یہاں سے روانہ ہورہی ہے۔ مڈفیلڈر ونیت رائے ٹخنے کی انجری کے سبب اسکواڈ سے خارج ہوگئے، جس سے وہ گوہاٹی میں گزشتہ ٹریننگ سیشن کے دوران متاثر ہوئے تھے۔ ’ریٹرن لیگ‘ میچ 7 جون کو گوہاٹی میں کھیلا جائے گا۔ انڈیا کو نمایاں براعظمی ٹورنمنٹ کے کوالفکیشن راؤنڈ میں داخلے کیلئے پلے آف میچ کھیلنا ہے کیونکہ وہ 2018ء فیفا ورلڈ کپ اور 2019ء ایشین کپ کی اپنی مشترکہ پریلمنری راؤنڈ مہم میں محض تین پوائنٹس جٹا کر اپنے گروپ میں نچلی پوزیشن حاصل کرپائے تھے۔ ہیڈ کوچ اسٹیفن کانسٹنٹائن نے کہا کہ زخمی ونیت کے سبب 21 کی بجائے 20 رکنی اسکواڈ سفر کررہا ہے۔

 

عمر اکمل کی ایک اور لغزش!
لاہور ، 30 مئی (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے باصلاحیت کرکٹر عمر اکمل وقفہ وقفہ سے میدان کے باہر کی سرگرمیوں کی وجہ سے تنقیدوں کا نشانہ بن جاتے ہیں۔ اُن کی تازہ لغزش کل شب ہوئی جب آئی پی ایل میں سن رائزرز حیدرآباد نے ٹائٹل جیتا۔ عمر نے ٹوئٹر پر لکھ دیا کہ ’’سن رائزرز حیدرآباد کو پاکستان سوپر لیگ جیتنے پر مبارکباد‘‘! حامیوں کی توجہ دہانی پر عمر نے غلطی کا اعتراف اور اپنی اصلاح کی اور ٹوئٹ میں #IPL2016final کی تبدیلی لائی۔