انڈین انڈر ۔ 23 فٹبال ٹیم بس کو آتشزدگی کے خطرے سے سنسنی

ڈھاکہ ، 30 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) انڈین انڈر ۔ 23 فٹبال ٹیم جو یہاں اے ایف سی چمپئن شپ کوالیفائرز کیلئے آئی ہے، آج آتشزدگی کے اندیشے میں بچ گئی جب ٹریننگ سیشن سے کھلاڑیوں کو لیجانے والی ٹیم بس کے پچھلے حصے سے دھواں نکلنے لگا۔ 30 رکنی ہندوستانی جتھہ بشمول سینئر ٹیم کوچ اسٹیفن کنٹسٹائن نے خوف کا اظہار کیا اور فوری بس چھوڑ دی۔ وہ لوگ کچھ دیر کیلئے سڑک پر پھنسے رہے اور آخرکار پولیس ایسکارٹ کی گاڑیوں میں باری باری ٹیم ہوٹل کو پہنچائے گئے۔ بعض سپورٹ اسٹاف بشمول انڈر۔ 23 ہیڈ کوچ ساویو میدیرا تو پیدل ہی ٹیم ہوٹل کی طرف چل پڑے۔ ہندوستان کو میزبان بنگلہ دیش سے گروپ لیگ میچ میں کل کھیلنا ہے۔ بنگلہ دیش فٹبال فیڈریشن جنرل سکریٹری محمد ابونعیم سوہاگ نے بعدازاں انڈین ٹیم کے ذمہ داروں سے ملاقات کی۔