انڈین آئیل کارپوریشن کے پائپ لائن سے ڈیزل سرقہ کرنے والے گرفتار

مزید مفرور ملزمین کی تلاش ، رچہ کنڈہ پولیس کی کارروائی
حیدرآباد ۔ /13 فبروری (سیاست نیوز) رچہ کونڈہ کے علاقے کیسرا میں انڈین آئیل کارپوریشن کی پائپ لائین سے ہزاروں لیٹر کے ڈیزل کے سرقہ میں ملوث دو سارقین کو پولیس نے گرفتار کرلیا ۔ ڈپٹی کمشنر پولیس ملکاجگری سی ایچ اوما مہیشور راؤ نے کہا کہ گزشتہ چند دنوں قبل پولیس نے بین ریاستی سارقین کی ٹولی کو بے نقاب کیا تھا جو غیرقانونی طور پر انڈین آئیل کارپوریشن کے ڈیزل کے سرقہ میں ملوث تھی ۔ انہوں نے کہا کہ اس سرقہ میں بعض افراد کو گرفتار کیا گیا تھا لیکن ممبئی کے اسکراپ کے تاجر سرور شیخ اور آئیل ٹینکر کا مالک سریش کمار پرجاپتی مفرور تھا ۔ پولیس نے انہیں کامیاب طور پر گرفتار کرلیا ۔ ڈی سی پی نے کہا کہ مذکورہ سارقین کی ٹولی نے جملہ 1.30 لاکھ لیٹر ڈیزل کے سرقہ میں ملوث تھے ۔ پولیس نے گرفتار سارقین کے قبضے سے لاکھوں روپئے برآمد کئے تھے جبکہ دیگر مفرور ملزمین کی پولیس کو تلاش تھی ۔ پولیس نے آج دو سارقین کی گرفتاری کا اعلان کرتے ہوئے ان کے قبضے سے 4 لاکھ 29 ہزار نقد رقم برآمد کرلی گئی ۔ پولیس کو اس کیس کے دیگر ملزمین کی تلاش ہے ۔