لاہور ، 30 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام)پی سی بی چیئرمین شہریار خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور ہندوستان کے کرکٹ حکام کے درمیان اگلے مہینے متوقع ملاقا ت کے بعد مجوزہ باہمی سیریز منعقد ہونے کی امید باقی ہے۔ اِن دنوں پڑوسی ملکوں کے درمیان موجودہ سیاسی صورتحال، لائن آف کنٹرول اور سرحد پر جنگ بندی کی بار بار خلاف ورزیوں کے بعد دسمبر میں مجوزہ سیریز کا انعقاد مشکل نظر آرہا ہے۔ تاہم شہر یار نے بتایا کہ بی سی سی آئی نے ان کے خط کے جواب میں وعدہ کیا ہے کہ دبئی میں 8 تا 13 اکتوبر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے اجلاس کے موقع پر دونوں بورڈز بات چیت کریں گے۔ ’’ بی سی سی آئی کا جواب موصول ہونے کے بعد امید ہے کہ یہ سیریز منعقد ہو سکے گی‘‘۔ یاد رہے کہ ہندوستان نے 2008ء میں ممبئی میں دہشت گردانہ حملہ کی سرپرستی کرنے کا الزام پاکستان پر عائد کرتے ہوئے کرکٹ تعلقات ختم کر دیئے تھے۔ پاکستان نے دسمبر 2012ء میں ہندوستان کا مختصر دورہ کرتے ہوئے دو ٹی ٹوئنٹی اور تین ونڈے میچز کھیلے تھے۔ تاہم اس کے باوجود دنوں ملکوں میں باہمی کرکٹ تعلقات بحال نہ ہو سکے۔ شہریار خان نے بتایا کہ وزیراعظم نواز شریف کی پشت پناہی کے بعد باہمی سیریز بحال ہونے کی امید دوبارہ پیدا ہوئی ہے۔ ’’وزیر اعظم کی جانب سے سیریز کی حمایت خوش آئند ہے اور مجھے امید ہے کہ ہندوستان تحریری معاہدے کا پاس رکھے گا‘‘۔ تاہم آج ہندوستان کے دورے پر جانے والے پی سی بی چیئرمین نے بتایا کہ ان کا دورہ باہمی سیریز سے متعلق نہیں بلکہ وہ بی سی سی آئی کے سابق سربراہ جگموہن ڈالمیا کے انتقال پر اظہار تعزیت کیلئے جا رہے ہیں۔