انڈیا کی نظریں آج T20 سیریز جیت پر مرکوز

دھونی کی ٹیم کامیابی کا ردھم جاری رکھنے کوشاں ۔ آسٹریلیا پر رواں سیزن پہلی بار دباؤ
ملبرن ، 28 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) پہلا ٹوئنٹی 20 انٹرنیشنل جیتنے کے بعد بلند حوصلہ ہندوستان اس کا فائدہ اُٹھاتے ہوئے تین میچ کی سیریز کا جلد فیصلہ کرنا چاہے گا جب وہ آسٹریلیا کا دوسرے T20I میں یہاں ایم سی جی میں جمعہ کو سامنا کریں گے۔ پہلے میچ کی کامیابی پر 1-0 کی سبقت حاصل کرنے والی ایم ایس دھونی زیرقیادت ٹیم اس ٹور پر پہلی بار میزبانوں سے آگے ہوئی ہے، جو اعتماد والا موقف ہے جس سے وہ او ڈی آئی سیریز کے دورانیہ میں محروم رہے۔ ’مین اِن بلو‘ کی پوری کوشش رہے گی کہ یہ سیریز جلد جیت لی جائے، تاکہ سڈنی میں آخری میچ کھیلتے ہوئے انھیں تجربے کا موقع مل سکے۔ تاہم ، اگر یہ خیال ہو بھی تو کل کے میچ کے بعد ہی سوچا جائے گا۔ فی الحال انڈین ٹیم مینجمنٹ موجودہ رِدھم برقرار رکھنا چاہے گی۔ سڈنی میں منعقدہ آخری او ڈی آئی میں جیت نے پریشانیوں میں گھِرے دورہ کنندگان کو کچھ راحت فراہم کی، اور پھر گزشتہ میچ منعقدہ اڈیلیڈ میں کامیابی نے اس ٹور پر اُن کے آخری ہفتے کو کچھ جہت دی ہے۔ قطعی گیارہ کے معاملے میں درست توازن کا حصول انڈین ٹیم کیلئے پریشان کن رہا ہے۔ انھوں نے یہ کام اس سیریز میں جلد کرتے ہوئے گرکیرت مان اور رِشی دھون کو شامل کیا اور اضافی اسپنر کو میدان سے باہر رکھا۔ دریں اثناء آسٹریلیا دباؤ میں ہے جو شاید اِس موسم گرما میں پہلی بار ہوا۔ وہ اس سے قبل نیوزی لینڈ اور ویسٹ انڈیز سے مختلف فارمٹس میں کھیل چکے ہیں، مگر پسینہ بہائے بغیر جیت گئے۔ حتیٰ کہ او ڈی آئیز بھی اُن کیلئے میدان میں چہل قدمی کے مترادف ہوئے، حالانکہ ایک دو میچوں میں معمولی فرق سے کامیاب ہوئے۔ ویسے ٹسٹ اور او ڈی آئی میچز کے مقابل آسٹریلیا T20s میں کچھ عجیب مظاہرہ کرتا رہا ہے، کچھ ایسے کہ جیسے یہ اُن کیلئے کوئی بوجھ کی مانند ہے۔ شاید یہ باہمی مقابلے انھیں معقول جوش نہیں دلاتے ہیں، اور اس لئے وہ بہترین تراکیب کے حصول سے قاصر ہیں اور اس کے نتیجے میں ورلڈ T20 میچز میں نقصان اُٹھاتے ہیں۔ تاہم آرن فنچ کی ٹیم کو گلن میکسویل کی واپسی سے تقویت ملنے کا امکان ہے۔