انڈیا کبڈی ورلڈ کپ 2016ء کا میزبان ، اکٹوبر میں انعقاد

ممبئی ، یکم اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان کبڈی ورلڈ کپ میں 12 ٹیموں کی میزبانی کرے گا، جو اکٹوبر میں منعقد کیا جائے گا، انٹرنیشنل کبڈی فیڈریشن (آئی کے ایف) نے گزشتہ روز یہ اعلان کیا۔ امریکہ، کناڈا، یوکے، آسٹریلیا، ایران، پولینڈ، پاکستان، بنگلہ دیش، کوریا، جاپان اور کینیا کے علاوہ میزبان انڈیا اس کامپٹیشن میں اعلیٰ اعزازات کیلئے حصہ لینے والے ہیں۔ کبڈی ایشین گیمز کا حصہ سال 1990ء میں بنا اور ہندوستان نے تب سے تمام گولڈ میڈلس جیتے ہیں۔ صدر آئی کے ایف جناردھن سنگھ گہلوٹ نے کہا کہ انٹرنیشنل کبڈی فیڈریشن کیلئے باعث افتخار ہے کہ کبڈی کی مقبولیت میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے اور یہ ہندوستان میں 2016ء کبڈی ورلڈ کپ کے ساتھ عالمی منظر پر نمودار ہونے جارہا ہے۔ ہم اس کھیل کو ساری دنیا میں بڑھاوا دینے کے پابند عہد ہیں۔ انھوں نے کہا کہ پرو کبڈی کی غیرمعمولی کامیابی اور دنیا بھر سے کھلاڑیوں کا حصہ لینا کبڈی کا عالمی کھیل بننے کی سمت بڑھنے کا ثبوت ہے۔ ہمیں خوشی اور فخر ہے کہ ہندوستان 2016ء کبڈی ورلڈ کپ کیلئے 12 ممالک کی میزبانی کررہا ہے۔ نائب صدر ایشین کبڈی فیڈریشن اور سکریٹری کبڈی فیڈریشن آف اسلامک ریپبلک آف ایران محمد رضا نے بیان کیا کہ ورلڈ کپ کیلئے 12 شرکاء ٹیموں نے ٹریننگ اور دیگر تیاریاں شروع کردیئے ہیں۔ اس ورلڈ کپ کا آفیشل براڈکاسٹر اسٹار اسپورٹس رہے گا۔