میچ کا آغاز :
7:00 pm (IST)
کولمبو ۔ 5 ستمبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) انڈیا اپنے شاندار دورۂ سری لنکا کا اختتام بلاشبہ ایک اور زبردست کامیابی کے ساتھ کرنا چاہئے گا اور اسی مقصد کے ساتھ وہ کل یہاں واحد ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل مقابلے میں میزبانوں کا سامنا کرے گا۔ ہندوستان کی شاندار جیت کے علاوہ اور کوئی نتیجہ کل غیرمتوقع معلوم ہوتا ہے کیونکہ دورہ کنندگان عمدہ فام میں کھیل رہے ہیں اور اب تک ٹسٹ اور او ڈی آئی سیریز نہ صرف جیتے بلکہ دونوں میں میزبانوں کو ترتیب وار 3-0 اور 5-0 سے وائیٹ واش کیاہے ۔ کل کا مقابلہ ویراٹ کوہلی کی ہندوستانی ٹیم کیلئے آنے والے دنوں میں آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے خلاف T20 ہوم سیریز سے قبل اپنی ٹیم کی ترکیب کو سنوارلینے کا موقع ہے ۔ مجموعی طورپر ہندوستان اس ہوم سیزن کے دوران 9 ٹوئنٹی 20 انٹرنیشنل میچس کھیلے گا اور وہ تمام مقابلے تین میچ کی سیریز ہوں گے ۔ ہندوستان پچاس اوورس کے ورلڈ کپ 2019 ء سے قبل تجربات کی مہم پر ہے اور یہاں وہ ریشب پنتھ کو آزما سکتے تھے جنھیں اسکواڈ میں نامزد نہیں کیا گیا ۔ جمائیکا میں ویسٹ انڈیز کے خلاف واحد ٹی ٹوئنٹی میچ میں کوہلی نے شکھر دھون کے ساتھ اننگز کی شروعات کی تھی اور پنتھ کو تین نمبر پر کھلایا تھا ۔ اب جبکہ دھون اور پنتھ دونوں ہی دستیاب نہیں ہے تو ہندوستانی کپتان کی طرف سے ایک دو تبدیلیاں ضرور ہوں گی ۔