انڈیا نے ایشین ہاکی چمپینس ٹروفی جیتی ، پاکستان کو شکست

روپندر سنگھ، یوسف عفان، نیکن تھمیا نے فاتح ٹیم کیلئے گول بنائے ۔ میزبان ملائیشیا نے کوریا کو ہرا کر تیسری پوزیشن پائی
کوانٹن، 31اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) مینس ہاکی میں انڈین ٹیم نے کرشماتی مظاہرہ کرتے ہوئے ایشین ہاکی چمپینس ٹروفی کے فائنل میں اپنے روایتی حریف و ڈیفنڈنگ چمپئن پاکستان کو 3-2سے شکست دے کر خطاب اپنے نام کرلیا۔ ملائیشیا کے شہر کوانٹن میں کھیلے گئے میچ میں دونوں ٹیموں کے درمیان دلچسپ مقابلہ ہوا۔ تاہم ہندوستانی ٹیم نے اپنی برتری ثابت کرتے ہوئے مقررہ وقت میں کامیابی حاصل کرلی۔ ہندوستان کی جانب سے 18 ویں منٹ میں روپندرپال سنگھ نے گول کرکے برتری دلادی جبکہ 5 منٹ بعد یوسف عفان نے سردار سنگھ کی مدد سے شاندار گول کر کے برتری کو دوگنا کردیا۔ پاکستان کی جانب سے تیسرے کوارٹر میں محمدعلیم بلال نے گول کرکے ہندوستانی برتری 2-1 تک گھٹائی جبکہ شان علی نے 38 ویں منٹ میں گول کرکے مقابلہ کو 2-2 سے برابر کردیا۔ میچ کے فائنل کوارٹر میں نیکن نے گول کرکے ہندوستان کو ایک دفعہ پھر برتری دلادی جو میچ کے اختتام تک برقرار رہی۔ واضح رہے کہ انڈین ٹیم نے 2011ء میں پاکستان کو پنالٹی شوٹ میں شکست دے کر پہلی مرتبہ چمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔ قبل ازیں ایشین چمپینس ٹروفی کی تیسری پوزیشن کیلئے جنوبی کوریا اور ملائیشیا کے درمیان مقابلہ ہوا جہاں میزبان ٹیم نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پنالٹی شوٹ آؤٹ پر کامیابی حاصل کرکے تیسری پوزیشن اپنے نام کی۔ جنوبی کوریا اور ملائیشیا کے درمیان میچ مقررہ وقت تک تک 1-1 گول سے برابر تھا جبکہ پنالٹی شوٹ آؤٹ میں  ملائیشیا کے گول کیپر نے شاندار مظاہرہ کیا اور جنوبی کوریا کو 3-1 سے شکست دینے میں اپنا رول ادا کیا۔