انڈیا اے کی آسٹریلیا میں ونڈے سیریز

ملبرن ، یکم جون (سیاست ڈاٹ کام) کرکٹ آسٹریلیا نے آج تصدیق کردی کہ انڈیا A اگسٹ میں چار رخی ونڈے A سیریز کھیلے گا، جس کے بعد سپٹمبر میں آسٹریلیا اے کیخلاف دو چار روزہ مقابلے بھی منعقد کئے جائیں گے۔ آسٹریلیا نے اعلان کیا تھا کہ اُن کی اے ٹیم اور نیشنل پرفارمنس اسکواڈ چار رخی ونڈے سیریز میں جنوبی افریقہ اے اور مزید ایک انٹرنیشنل ٹیم کے خلاف کھیلے گی۔ سی اے نے آج تصدیق کی کہ چوتھی ٹیم انڈیا اے ہے۔ کواڈرینگولر سیریز میں 18 مقابلے ہوں گے جو ماکے، برسبین اور ٹاؤنسویلے میں 30 روزہ کرکٹ پر مشتمل ہوں گے۔ سی اے عہدہ دار نے کہا کہ انڈیا اے سے یہ سیریز زیادہ مسابقتی ہوگی۔

 

انڈیا کے ٹور سے قبل
زمبابوے کوچ واٹمور برطرف
ہرارے ، یکم جون (سیاست ڈاٹ کام) زمبابوے نے آج کوچ ڈاو واٹمور اور کیپٹن ہیملٹن مساکڈزا کو برطرف کردیا اور سابق جنوبی افریقی پیسر مکھایا این تینی اور گرائم کریمر کو ٹیم کا عبوری کوچ اور کپتان نامزد کیا ہے جبکہ انڈیا کے خلاف اُن کی لمیٹیڈ اوورز سیریز 11 جون کو شروع ہورہی ہے۔ زمبابوے کرکٹ (زیڈ سی) نے کہا کہ یہ تبدیلیاں آئی سی سی ورلڈ ٹوئنٹی 20 میں ٹیم کے ناقص پرفارمنس کو ملحوظ رکھتے ہوئے کی گئی ہیں۔ زمبابوے اس عالمی ٹورنمنٹ کے ابتدائی مرحلہ سے ہی خارج ہوگیا تھا۔بولنگ کوچ این تینی عبوری کوچ کی حیثیت سے ذمہ داری آسٹریلیائی واٹمور سے حاصل کرلیں گے، جنھیں چار سالہ کنٹراکٹ گزشتہ سال اپریل میں دیا گیا تھا۔ زمبابوے نے سابق جنوبی افریقی آل راؤنڈر لانس کلوزنر سے بھی بطور بیٹنگ کوچ دو سالہ معاہدہ پر دستخط کرلئے ہیں۔ زمبابوے اور ہندوستان تین ونڈے انٹرنیشنلز اور اتنے ہی ٹوئنٹی 20 انٹرنیشنلز کھیلیں گے۔ پہلا میچ 11 جون کو یہاں ہرارے اسپورٹس کلب میں منعقد ہوگا۔