نئی دہلی ، 31 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) دو مرتبہ کی ورلڈ چمپئن شپ برونز میڈلسٹ پی وی سندھو نے تھائی لینڈ کی بوسانن کے مقابل تین گیم کے سخت مقابلے میں جیت کے ساتھ 300,000 ڈالر والے یونکس۔ سن رائز انڈیا اوپن سوپر سیریز بیڈمنٹن ٹورنمنٹ میں آج یہاں کوارٹر فائنلس میں پہنچ گئی ہیں۔ سندھو میچ کے دوران کچھ محتاط نظر آئیں اور چند ازخود غلطیاں کردیئے۔ تاہم بروقت سنبھل کر ویمنس سنگلز میچ میں جو سیری فورٹ اسپورٹس کامپلکس میں ایک گھنٹہ اور 16 منٹ چلا، بوسانن کو 17-21، 21-19، 21-16 سے ہرایا۔ پہلا گیم ہارنے کے بعد سندھو نے جارحانہ روش اختیار کی۔ دیگر ہندوستانیوں میں مانو اٹری اور سمیت ریڈی کو مینس ڈبلز میں چائنیز تائپی کے حریفوں کے مقابل 19-21، 12-21 سے ناکامی ہوئی، جبکہ اسی سیکشن کے ایک اور میچ میں بھی میزبانوں کے جشنو سانیال اور شیوم شرما چائنیز تائپی والوں کے خلاف 17-21، 15-21 سے ہار گئے۔