انڈیا اوپن سوپر سیریز سائنا کی پیشرفت

نئی دہلی ، 30 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ڈیفنڈنگ چمپیئن سائنا نہوال اور ریتو پارنا داس 300,000 ڈالر والے انڈیا اوپن سوپر سیریز کے ویمنس سنگلز کامپٹیشن کے دوسرے راؤنڈ میں پہونچ گئے ہیں ۔ آج یہاں سیری فورڈ اسٹیڈیم میں اولمپک برونز میڈلسٹ سائنا نے ہم وطن لانوی لاڑ کو 34 منٹ کے ایک طرفہ میچ میں 21-7، 21-13 سے واضح شکست دی جبکہ ریتو پارنا نے بھی ہم وطن انورا پربھو دیسائی کو دیگر ویمنس سنگلز میچ میں 21-18، 21-15 سے ہرایا ۔ سائی پرنیت جنھوں نے آل انگلینڈ کے چمپیئن شپ کے اوپننگ راؤنڈ میں دو مرتبہ کے اولمپک سلور میڈلسٹ لی چونگ وی کو حال ہی میں حیران کن شکست دی تھی ، وہ آج انڈونیشیا کے سونی کون کورو کے مقابل 20-22 ، 13-21سے ہار گئے جبکہ اجے جئے رام اوپننگ راؤنڈ میں اچھی سبقت حاصل کرنے کے بعد جرمن حریف کے مقابل ناکام ہوئے۔

 

امپائر کے فیصلے پر برہم ڈوپلیسی پر جرمانہ
نئی دہلی ، 30 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی) نے جنوبی افریقی کپتان فاف ڈوپلیسی کی جانب سے امپائر کے فیصلے پر خفگی کا اظہار کرنے پر جرمانہ عائد کردیا ہے۔ دوشنبہ کو یہاں کھیلے گئے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے سوپر 10 مرحلے کے آخری میچ میں سری لنکا کے خلاف میچ کے دوران 121 رنز کے ٹارگٹ کے تعاقب میں ڈوپلیسی اور ہاشم آملہ جیت کی جانب گامزن تھے کہ امپائر نے جنوبی افریقی کپتان کو ایل بی ڈبلیو قرار دیدیا حالانکہ ری پلے سے صاف ظاہر تھا کہ گیند ان کے بیاٹ کو چھو کر گزری تھی۔ اس فیصلے پر ڈوپلیسی نے غصہ اور حیرانی کے ملے جلے تاثرات کا اظہار کیا اور تھوڑی دیر غیر یقینی کی کیفیت میں وکٹ پر کھڑے رہے، پھر پویلین لوٹتے ہوئے بھی وہ مایوسی کے عالم میں اپنے سر کو ہلاتے نظر آئے۔ آئی سی سی نے انہیں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر 50 فیصد میچ فیس کا جرمانہ عائد کردیا ہے۔ یہ 12 ماہ میں ڈوپلیسی پر دوسرا جرمانہ ہوااور اگر اکتوبر تک اس کے اعادہ پر وہ پابندی کا شکار ہو جائیں گے۔