انڈیا آئی سی سی ٹسٹ درجہ بندی میں دوبارہ سرفہرست

دبئی ، 27 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی ٹسٹ رینکنگ میں ٹاپ پوزیشن لگ بھگ ساڑھے چار سال کے وقفے بعد آج پھر سے حاصل کرلی ، جو جنوبی افریقہ کے مقابل وطن میں اُن کی حالیہ سیریز جیت کے سبب ممکن ہوا۔ ہندوستان نے اس سے قبل ڈسمبر 2009ء تا اگسٹ 2001ء نمبر ایک ٹسٹ پوزیشن پر قبضہ رکھا تھا۔ انھیں برصغیر میں حالیہ چار ٹسٹ کی سیریز میں تین میچوں کے بعد جنوبی افریقہ 0-2 سے پچھڑجانے پر ٹاپ پوزیشن کی گیارنٹی ہوچکی تھی۔ تازہ درجہ بندی سنچورین ٹسٹ کے اختتام پر جاری کی گئی ہے، جس میں جنوبی افریقہ نے انگلینڈ کو 280 رنز سے ہرایا۔ لیکن ویراٹ کوہلی زیرقیادت انڈین ٹیم تن آسانی کی متحمل نہیں ہوسکتی کیونکہ یکم اپریل کی سالانہ قطعی مہلت سے قبل رینکنگ میں تبدیلیوں کا امکان ہے۔