دبئی، 24 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) انڈیا۔ پاکستان سیریز کے ثالث جائلز کلارک نے پی سی بی اور بی سی سی آئی حکام کو چار دن کا وقت دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنی حکومتوں سے اجازت لے کر آگاہ کریں۔ ذرائع کے مطابق انڈو پاک سیریز کیلئے سری لنکا کو واحد میزبان قرار دیا گیا ہے۔ نئے میزبان سری لنکا کے حصہ مانگنے سمیت تین شرائط بھی سامنے آگئی ہیں۔ ذرائع نے کہا کہ پاکستان اور ہندوستان کے درمیان 3 ونڈے انٹرنیشنلس اور 2 ٹوئنٹی میچوں کی سیریز آئندہ ماہ کے وسط میں شروع ہوگی۔ دوسری جانب پی سی بی چیئرمین شہریار خان کہتے ہیں کہ وہ صدر بی سی سی آئی ششانک منوہر کے ساتھ اپنی مفید ملاقات سے وزیراعظم نواز شریف کو آگاہ کریں گے جبکہ ہندوستانی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ ممکنہ سیریز پر دونوں بورڈ متفق ہیں اور حکومتوں سے اجازت ملنے کے بعد سیریز کا اعلان 27 نومبر کو کر دیا جائے گا۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں چیئرمین شہریار خان نے کہا کہ ان کی دبئی میں ہندوستانی ہم منصب منوہر سے ملاقات مفید رہی۔ انھوں نے تفصیلات بتانے سے انکار کیا اورکہا کہ سیریز پر دونوں بورڈز کو حکومتوں سے اجازت درکار ہے۔ ذرائع کے مطابق پی سی بی چیئرمین پاکستانی وزیراعظم سے مشاورت کے بعد دوبارہ دبئی روانہ جائیں گے۔ ادھر ہندوستانی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ ثالت کا کردار ادا کرنے والے جائلز کلارک انڈو۔پاک سیریز کا اعلان 27 نومبر کو کریں گے جس کے میچز سری لنکا کے شہروں کولمبو اور پالی کیلے میں کھیلی جائے گی۔