انڈو عرب لیگ کے صدرنشین جناب سید وقارالدین قادری کے دورہ فلسطین کی کامیابی پر مبارکباد

حیدرآباد 30 نومبر (پریس نوٹ) مشہور صحافی جناب سید وقارالدین قادری چیف ایڈیٹر روزنامہ رہنمائے دکن و صدرنشین انڈو عرب لیگ کے کامیاب دورہ فلسطین پر حیدرآباد کی صحافتی برادری نے زبردست خیرمقدم کیا اور جناب وقارالدین قادری کی قیامگاہ واقع آصف نگر پہونچ کر ملاقات کی اور مبارکباد دی۔ انڈو عرب لیگ کی جانب سے فلسطین کے مسئلہ پر خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ جنرل سکریٹری فری پریس ایڈیٹرس فیڈریشن جناب حسن عسکر کی قیادت میں جناب محمد عبدالقادر صدر تلنگانہ ینگ جرنلسٹس فورم، جناب محمد غوث نائب صدر، محمد کریم خان، عبدالسلیم، جناب ولی، نذیر احمد، غوث پاشاہ، میر رحمن علی باسط (آغا) نے ملاقات کی۔ جناب حسن عسکر نے جناب وقارالدین قادری کو ان کی خدمات پر خراج تحسین ادا کرتے ہوئے کہاکہ فلسطین اور قبلۂ اول کی بازیابی کے لئے انڈو عرب لیگ جناب وقارالدین کی قیادت میں ایک طویل عرصہ سے جدوجہد کررہی ہے اور دنیا کے کسی بھی خطہ میں مسلمانوں پر ظلم و زیادتی کے واقعات پر رہنمائے دکن نے ہمیشہ آواز حق کو بلند کیا ہے۔ جناب محمد عبدالقادر صدر ٹی وائی جے ایف نے جناب وقار پاشاہ کی صحافتی، مذہبی خدمات کو مثالی قرار دیا اور کہاکہ دورۂ فلسطین میں بھی جناب وقارالدین قادری نے اسرائیل کی بربریت پر دو ٹوک انداز میں اپنے خیالات کا اظہار کیا اور کہاکہ فلسطین کے لئے ہمیشہ انڈو عرب لیگ نے ملک میں آواز اُٹھائی ہے۔