انڈونیشیا میں 18 افراد کو کوڑوں کی سزاء

باندہ اکیہہ ۔ یکم ؍ مارچ (سیاست ڈاٹ کام) انڈونیشیا کے صوبہ اکیہہ میں جہاں اسلامی شرعی قوانین نافذ ہیں، 18 افراد کو برسرعام کوڑے مارے گئے جن میں ایک غیر شادی شدہ جوڑا بھی شامل ہے جنہیں تنہائی میں ایک دوسرے کے ساتھ قابل اعتراض حالت میں پایا گیا۔ باندہ اکیہہ میں واقع ایک مسجد کے قریب کھلے میدان میں تمام افراد کو کوڑے مارے گئے اور اس وقت وہاں ہجوم موجود تھا جو ہر کوڑے پر خوشی کا اظہار کررہا تھا۔ یاد رہے کہ اکیہہ میں برسرعام کوڑے مارنے کی سزاء دینا معمول کی بات ہے۔ اکیہہ دنیا کا واحد ایسا صوبہ ہے جہاں اسلامی شرعی قوانین کا سختی سے نفاذ کیا گیا ہے البتہ خواتین کے ساتھ کچھ رعایت بھی کی جاتی ہے۔ چھ افراد کو شراب پینے کے جرم میں کوڑے مارے گئے جسے مذہب اسلام نے حرام قرار دیا ہے۔