انڈونیشیا میں سیلاب اور زمین کھسکنے سے 27 ہلاک

جکارتہ 13 اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام ) انڈونیشیا کے جزیرہ سماٹرا میں لگاتار بارش کی وجہ سے سیلاب کی صورتحال پیدا ہوگئی ہے اور زمین کھسکنے کے واقعات پیش آئے ہیں جن میں کم از کم 27 افراد ہلاک ہوگئے ۔ ان میں اکثریت ایک اسکول کے بچوں کی ہے ۔ اس کے علاوہ مزید 15 افراد لاپتہ بتائے گئے ہیں۔ شمالی سماٹرا صوبہ کے ناٹل ضلع میں بارش کی وجہ سے زبردست سیلاب آگیا جس کے نتیجہ میں زمین کھسکنے کے واقعات پیش آئے ۔ یہاں ملبہ اور کیچڑ ایک اسلامی مدرسہ پر گرپڑا جہاں 21 بچے پانی میں بہہ گئے ہیں۔ یہ حادثہ جمعہ کی دوپہر پیش آیا ۔ مقامی پولیس سربراہ ارسان سینوحاجی نے یہ بات بتائی ۔ انہوں نے کہا کہ بچاو اور راحت کے کام کرنے والوں نے کیچڑ اور ملبہ سے 11 بچوں کی نعشیں دستیاب کرلی ہیں۔ نیشنل ڈیزاسٹر مٹی گیشن ایجنسی کے ترجمان سوٹوپو پورو ناگروہو نے کہا کہ راحت کے کام کرنے والے افراد اب بھی 10 بچوں کی تلاش میں مصروف ہیں۔ عہدیداروں نے بتایا کہ سیلاب اور طوفان میں ایک کار بہہ گئی تھی جس میں سے آج صبح کی اولین ساعتوں میں دو نعشیں دستیاب ہوئی ہیں ۔ اس علاقہ میں 17 مکانات منہدم ہوگئے تھے ۔ اس علاقہ میں سینکڑوں مکانات میں پانی داخل ہوگیا تھا اور پڑوسی علاقہ کی بلند و بالا عمارتیں بھی متاثر ہوئی ہیں۔