جکارتہ 24 مئی (سیاست ڈاٹ کام) عالمی نمبر 1 بیاڈمنٹین اسٹار سائنہ نہوال کو انڈونیشیاء اوپن سوپر سیریز ٹورنمنٹ میں دوسرا مقام دیاگیا ہے اور امکان ہے کہ اس ٹورنمنٹ میں انہیں ہندوستانی ساتھی کھلاڑی پی وی سندھو سے ٹکرانا پڑے گا۔ یہ ٹورنمنٹ 2 تا 7 جون منعقد ہورہا ہے جس میں 8 لاکھ ڈالر کی انعامی رقم رکھی گئی ہے۔ سائنہ نہوال نے 2009 ‘2010 اور 2012 میں یہاں خطاب حاصل کیا تھا ۔ سائنہ کو اولین مقابلے میں تھائی لینڈ کی نچاو جنداپون سے مقابلہ درپیش ہیں۔ ان کے خلاف اب تک کہ تینوں میچس میںسائنہ نے کامیابی حاصل کی تھی۔ عالمی رینکنگ میں 12 واں مقام رکھنے والی پی وی سندھو کو اپنا پہلا مقابلہ تائپی کی ہسو یا چینگ سے کھیلنے ہے۔ اگر دونوں ہی ہندوستانی کھلاڑی اپنا اپنا اولین مقابلہ جیت لیتے ہیں تو دوسرے دور میں وہ ایک دوسرے کے مد مقابل ہوں گے ۔ سائنہ اور سندھو کے مابین اب تک مسابقتی بیاڈمنٹین میں ایک میچ ہوا ہے جو سائنہ کے حق میں رہا۔ جنوری 2014 میں انڈیا گرانڈ پری گولڈ ٹرافی کا خطابی مقابلہ سائنہ نے جیتا تھا ۔ اس ٹورنمنٹ میں اولمپک چیمئن چینی اسٹار لی ژیوری کو پہلی نمبر سیڈ دی گئی ہے ۔ مردوں کے زمرے میں عالمی نمبر 4 کے سریکانت کو چوتھا مقام دیا گیا ہے جو اپنا اولین مقابلہ ڈنمارک کے ہنس کرسٹیان کے خلاف کھیلیں گے۔ کہا جارہا ہے کہ اس مقابلہ میں کرسٹیان کو سبقت حاصل رہے گی۔ ہندوستان کے ایک اور کھلاڑی پی کشیپ بھی اسی گروپ میں ہیں اور تھائی لینڈ کے کھلاڑی کے خلاف اُن کا پہلا مقابلہ ہوگا۔