انڈونیشیااور پاکستان سے سب سے زیادہ عازمین حج

آل الشیخ کا اس سال خطبہ حج ‘ پیر کوکعبتہ اللہ کے غلاف کی تبدیلی

مکہ مکرمہ۔15اگست ( سیاست ڈاٹ کام ) گورنر مکہ مکرمہ شہزادہ خالد الفیصل نے واضح کیا ہے کہ مکہ اور مشاعر مقدسہ ڈویلپمنٹ رائل اتھارٹی کا قیام مقامات مقدسہ کو جدید خطوط پر استوار کرنے والا سب سے بڑا منصوبہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بیرون مملکت سے منگل 14اگست تک آنے والے عازمین کی تعداد 15لاکھ 21ہزار 918ہو گئی۔ سب سے زیادہ عازمین انڈونیشیا سے آئے ہیں۔ پاکستان دوسرے نمبر پر ہے۔ اس کے بعد ہندوستان ، بنگلہ دیش، ترکی اور ایران کے عازمین کا نمبر ہے۔ وہ مزدلفہ میں ہنگامی رہائشی مرکز میں پریس کانفرنس کر رہے تھے۔انہوں نے بتایا کہ اب تک داخلی عازمین کیلئے 224655حج اجازت نامے جاری کئے جا چکے ہیں۔87فرضی معلمین پکڑے گئے ہیں۔ حج قواعد و ضوابط کی 355453خلاف ورزیاں پکڑی گئی ہیں۔ غیر قانونی عازمین کو غیر قانونی طریقے سے حج مقامات پہنچانے والے 2760افراد گرفتار کئے گئے ہیں۔ مکہ مکرمہ کے اطراف قائم چوکیوں سے 157335گاڑیاں واپس کی گئی ہیں۔ انہوں نے اس بات پر مسرت کا اظہار کیا کہ تمام حج ادارے ایک دوسرے کے ساتھ مل جل کر مشترکہ ٹیم کی حیثیت سے کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ٹیکنالوجی کے استعمال کی بدولت کام تیزی سے انجام پا رہا ہے۔میدان عرفات سے حج کا خطبہ مسجد نبوی شریف کے امام و خطیب شیخ ڈاکٹر حسین بن عبدالعزیز آل شیخ دینگے۔ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے منظوری دیدی۔ مکہ مکرمہ گورنریٹ نے اپنی سرکاری ویب سائٹ پر یہ اطلاع جاری کردی۔ شیخ ڈاکٹر سعد بن ناصر الشثری نے گزشتہ سال میدان عرفات سے حج کا خطبہ دیا تھا۔ وہ سربرآوردہ علماء بورڈ کے رکن او ردارالافتا ء کے رکن ہیں۔ ان سے قبل مسجد نبوی شریف کے امام و خطیب شیخ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس نے حج کا خطبہ دیا تھا۔حرمین شریفین کی انتظامیہ نے حسب سابق حج کے ایام کی آمدکے ساتھ ہی خانہ کعبہ کے لیے نیا غلاف تیار کرلیا ہے۔ موجودہ غلاف کعبہ 9 ذی الحج بہ روز پیرکو اتارنے کے بعد اس کی جگہ نیا غلاف کعبہ شریف پر چڑھا دیا جائے گا۔ غلافہ کعبہ کی تبدیلی کا عمل ڈاکٹر صالح الشیبی کی نگرانی میں انجام دیا جائے گا۔حال ہی میں غلاف کعبہ کی دیکھ بحال کی ذمہ دار کمیٹی نے سنہ 1439ھ کے حج کے دوران خانہ کعبہ کے لیے تیار کردہ غلاف کا جائزہ لیا اور غلاف پر منقش آیات ‘ سنہری پٹی، غلاف کے مختلف حصوں کی مکمل تیاری کے اعتبار سے اسے مکمل قرار دیا گیا تھا۔نیا غلاف 9 ذی الحج کی صبح کو مخصوص گاڑی پر رکھ کر شاہ عبدالعزیز آڈیٹوریم سے حرم میں لایا جائے گا۔خیال رہے کہ غلاف کعبہ خاص قدرتی ریشم سے تیارکرنیکے بعد اس پر گہرا سیاہ رنگ چڑھایا گیا۔ غلاف کی اونچائی14 میٹر ہے جب کہ اس کی بالائی پٹی 95 سینٹی میٹر چوڑی اور17میٹر لمبی ہے۔ چار کونوں والے چھ اجزاء کو ایک دوسرے کے ساتھ جوڑا جائے گا۔