ڈھاکہ ، یکم فبروری (سیاست ڈاٹ کام) انڈیا انڈر 19 کرکٹ ٹیم نے بنگلہ دیش میں جاری ورلڈ کپ میں آج یہاں نیپال کو 7 وکٹوں سے ہرایا۔ نیپالی ٹیم نے اپنے مقررہ اوورز میں 169/8 اسکور کئے جس کے جواب میں ہندوستانی ٹیم نے برق رفتاری سے 48 اوورز کے منجملہ محض 18.1 میں 175/3 پر 179 گیندیں باقی رکھتے ہوئے فتح درج کرائی۔ دن کے دیگر مقابلوں میں افغانستان اور نیوزی لینڈ نے کامیابیاں حاصل کئے۔ سلہٹ میں کھیلے گئے میچ میں کناڈا کو صرف 147 پر ڈھیر کرنے کے بعد افغان ٹیم نے 50 میں سے 24.1 اوورز میں ہی 149/6 پر جیت کا ٹارگٹ حاصل کرلیا۔ اس طرح افغانیوں نے 155 گیندیں باقی رکھتے ہوئے 4 وکٹوں سے فتح حاصل کی۔ فتح اللہ میں ایونٹ کے دیگر مقابلے میں آئرلینڈ نے پہلے بیٹنگ کی اور 212 اسکور کئے۔ تاہم نیوزی لینڈ کیلئے یہ کوئی خاص ٹارگٹ ثابت نہ ہوا، جیسا کہ انھوں نے 48 میں سے 40.1 اوورز میں 213/6 کے ساتھ جیت حاصل کی۔ منگل 2 فبروری کو میزبان بنگلہ دیش کا مقابلہ نمیبیا سے کاکس بازار میں رہے گا جبکہ جنوبی افریقہ اور اسکاٹ لینڈ کا مقابلہ بھی مقرر ہے۔