انڈر 14 قومی فٹبال ٹورنمنٹ، تلنگانہ ٹیم میں عباس باقری بھی شامل

حیدرآباد ۔ 3 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) حیدرآباد کے کمسن اور باصلاحیت فٹبال کھلاڑی میر عباس علی باقری کو آسام کے دارالحکومت گوہاٹی میں کھیلے جانے والے انڈر 14 بین ریاستی قومی فٹبال ٹورنمنٹ کیلئے تلنگانہ ریاستی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ عباس علی باقری کو نئی ریاست تلنگانہ کی تاسیس کے بعد تلنگانہ انڈر 14 فٹبال ٹیم کا پہلا کپتان بننے کا اعزاز بھی حاصل ہوا ہے۔ آل سینٹس ہائی اسکول عابڈس میں ساتویں جماعت کے طالب علم باقری حال ہی میں پہلے حیدرآباد فیڈریشن اسکول گیمس میں حصہ لینے والی حیدرآباد ڈسٹرکٹ فٹبال ٹیم کے کپتان منتخب کئے گئے تھے۔ انہوں نے کھمم میں 90 منٹ پر مشتمل کھیل کے دونوں نصف میں کپتان اننگز کھیلتے ہوئے اپنی بہترین صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا تھا۔ عباس علی باقری، حیدرآباد کے عباس یونین فٹبال کلب کے کھلاڑی بھی ہیں۔