انٹیگا ٹسٹ: بیل کی شاندار سنچری

انٹیگا ، 14 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) ویسٹ انڈیز کے خلاف انگلینڈ کے مڈل آرڈر بیٹسمنوں کی شاندار بیٹنگ کی بدولت مہمان ٹیم نے انٹیگا ٹسٹ میں کل پہلے دن پانچ وکٹ پر 341رنز بنالئے۔ سَر ویوین رچرڈز اسٹیڈیم میں انگلش ٹیم کا آغاز مایوس کن انداز میں ہوا۔ 34 رنز پر تین کھلاڑی پویلین لوٹ گئے لیکن پھر ایان بیل اور جوو روٹ نے ٹیم کو سنبھال لیا۔ روٹ 83 رنز بناکر آوٹ ہوئے۔بیل نے 143 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ پہلے دن کے کھیل کے اختتام پر انگلش بیٹسمین بین اسٹوکس 71 اور ٹریڈویل صفر پر ناٹ آؤٹ رہے ۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے کیمار روچ اور جیروم ٹیلر نے دو، دو وکٹ حاصل کئے۔قبل ازیں الیسٹر کک کے مقابل دنیش رامدین نے ٹاس جیت کر مہمانوں کو پہلے بیٹنگ کیلئے مدعو کیا۔

جی سومیا کا نیشنل اسکواڈ میںانتخاب
نئی دہلی ، 14 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) آندھراپردیش کی جی سومیا کا بحیثیت فارورڈ انڈین انڈر 14 ویمنس نیشنل ٹیم اسکواڈ کے 18 ارکان میں انتخاب ہوا ہے جو اے ایف سی انڈر 14 گرلز ریجنل چمپین شپ کے ضمن میں کیا گیا۔ فٹبال کے یہ مقابلے 20 اپریل سے کٹھمنڈو (نیپال) میں کھیلے جائیں گے اور ہندوستان کو گروپ بی میں بھوٹان اور بنگلہ دیش کے ساتھ جوڑا گیا ہے۔ ایم راکی ہیڈکوچ کی سرکردگی میں ہندوستانی لڑکیوں سے ایشیا کی سطح کے مقابلے میں اچھے مظاہرہ کی توقع کی جارہی ہے ۔ پہلا میچ بھوٹان کے خلاف مقرر ہے۔