انٹلیجنس عہدیدار کے مکان میں سرقہ کی سنگین واردات

حیدرآباد۔ 30 اکتوبر (سیاست نیوز) سعیدآباد کے علاقہ لوک آیوکتا کالونی میں پیش آئی سرقہ کی سنگین واردات میں سارقین نے انٹلیجنس عہدیدار کے مکان سے ایک کلو طلائی زیورات، ساڑھے پانچ کلو چاندی اور نقد رقم کا سرقہ کرلیا۔ تفصیلات کے بموجب وائی وی ایس بھاسکر شرما جو تلنگانہ محکمہ انٹلیجنس میں ایڈمنسٹریٹیو آفیسر ہے، اپنے افرادِ خاندان کے ہمراہ تروپتی کی مندر اپنے پوترے کی ایک تقریب کیلئے گئے ہوئے تھے، مکان کے دروازہ کو مکمل طور پر مقفل کئے تھے۔ آج صبح تروپتی سے واپس لوٹنے پر اپنے مکان کے قفلوں کو ٹوٹا ہوا پایا اور مکان میں داخل ہونے پر گھر کی اشیاء کو بکھرا ہوا دیکھ کر فوری سعیدآباد پولیس کو اس سلسلے میں آگاہ کیا۔ اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس ملک پیٹ ڈیویژن مسٹر سدھاکر مقام واردات پر پہنچ کر سراغ رسانی دستہ کلوز ٹیم کو طلب کیا اور ڈاگ اسکواڈ کی مدد سے علاقہ کا مکمل طور پر معائنہ کیا۔ پولیس کی ابتدائی تحقیقات میں یہ معلوم ہوا ہے کہ سارقین نے مالک مکان کی عدم موجودگی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے قفل شکنی کے ذریعہ مکان میں داخل ہوئے اور الماریوں میں موجود ایک کیلو طلائی زیورات، 5.3 کیلو چاندی اور ایک لاکھ روپئے نقد رقم کا سرقہ کرلیا۔ اتنا ہی نہیں سارقین نے یہ واردات اطمینان سے انجام دی اور فریج میں موجود تمام کھانے کی اشیاء بھی کھالی۔ سعیدآباد پولیس نے اس سلسلے میں ایک مقدمہ درج کرلیا ہے اور تحقیقات جاری ہیں۔