انٹر طالب علم کی خودکشی

حیدرآباد /2 نومبر( سیاست نیوز ) پہاڑی شریف کے علاقہ میں ایک نوجوان نے مشتبہ طور پر انتہائی اقدام کرلیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ پرانے شہر کے علاقہ رین بازار کا ساکن سید رحمت علی درگاہ شریف زیارت کیلئے گیا تھا ۔ جس نے پولیس کے مطابق ایک درخت سے مبینہ طور پرپھانسی لیکر خودکشی کرلی ۔ 16 سالہ سید رحمت علی انٹر میڈیٹ کا طالب علم تھا جو رین بازار کے ساکن سعادت علی کا بیٹا بتایا گیا ہے ۔ پہاڑی شریف پولیس ذرائع کے مطابق گذشتہ چند روز سے رحمت علی پریشان تھا اور ڈراؤنے و خطرناک خوابوں کے سبب وہ ذہنی الجھن کا شکار ہوگیا تھا ۔ پولیس کے مطابق گذشتہ روز رحمت کی والدہ نے اسے مشورہ دیا تھا کہ وہ پہاڑی شریف درگاہ کو زیارت کیلئے جائے اور زیارت کے بعد ڈراؤنے خواب بند ہوجائیں گے اور پریشانی حل ہوگی ۔ اس بات پر کل وہ پہاڑی شریف درگاہ گیا تاہم واپس نہیں ہوٹا ، درگاہ شریف کے قریب علاقہ میں ایک درخت سے اس نوجوان نے پھانسی لیکر خودکشی کرلی ۔ پولیس پہاڑی شریف نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے ۔