انٹر سپٹر بوٹ کوسٹ گارڈ کے حوالے

منگلورو 2 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ایک تیز رفتار انٹرسپٹر بوٹ (کشتی) جسے بھارتی ڈیفنس اینڈ انفراسٹرکچر لمیٹیڈ نے تیار کیا ہے، اُسے یہاں کوسٹ گارڈ کے حوالے کردیا گیا۔ یہ کشتی بی ڈی آئی ایل کی جانب سے اس نوعیت کی سلسلہ وار 15 مزاحمتی کشتیوں میں سے چھٹی ہے۔ کوسٹ گارڈ نے یہاں جاری کردہ ایک بیان میں بتایا کہ کوسٹ گارڈ پرنسپل ڈائرکٹر ڈی آئی جی ایچ پی سنگھ، ڈی آئی جی اتل پارلیکر، بی ڈی آئی ایل چیف آپریٹنگ آفیسر نریندر کمار، صدر بی ڈی آئی ایل پوترن آلوکن، جنرل منیجر مہیش اور دیگر سینئر عہدیدار گزشتہ روز منعقدہ ایونٹ میں موجود تھے۔ یہ کشتی 28 میٹر طویل ہے جس میں الومنیم استعمال ہوا ہے۔ اِس کا وزن 60 DWT ہے اور اِس کی رفتار 35 ناٹس ہے۔ اس میں نہایت جدید آرنیسن سرفیس ڈرائیو کا سسٹم لگا ہے اور یہ 1650 کیلو واٹ والے دو انجنوں سے لیس ہے۔