فلک نما پولیس اور ٹاسک فورس کی مشترکہ کارروائی
حیدرآباد 20 مئی (سیاست نیوز) فلک نما پولیس اور ٹاسک فورس کی مشترکہ کارروائی میں محکمہ ٹیلی کام کو دھوکہ دینے والے دو افراد کو گرفتار کرتے ہوئے انٹرنیشنل کال ریاکٹ کو بے نقاب کیا۔ تفصیلات کے مطابق محمد امجد خان نے ایرٹیل کمپنی کے سِم کارڈس یوسف حسن سے حاصل کئے اور اِن سم کارڈس کی مدد سے وائس اوور انٹرنیٹ پروٹوکول (VOIP) سِم باکس کے ذریعہ غیرقانونی طور پر وائس کال ریاکٹ چلارہے تھے۔ انسپکٹر فلک نما پولیس اسٹیشن کے سرینواس راؤ نے کہاکہ اِس ریاکٹ کا سرغنہ محمد امجد خان ہے اور اُس نے علاقہ جہاں نما کے کرایہ کے مکان میں اور کالاپتھر کے علاقہ علی باغ میں انٹرنیشنل کالس کا ایک VOIP سیٹ اَپ قائم کیا اور اِس کے ذریعہ آئی ایس ڈی کالس کو لوکل کالس میں تبدیل کرتے ہوئے یہ ریاکٹ چلارہا تھا۔ اُنھوں نے کہاکہ اِس ریاکٹ کے ذریعہ امجد خان کو کافی آمدنی حاصل ہورہی تھی۔ محکمہ ٹیلی کام کے سکیوریٹی ونگ کے تجزیہ کے بعد وہاں کے ذمہ دار آشیش چوبھ نے پولیس سے شکایت کی جس میں بتایا گیا کہ بعض افراد کی جانب سے انٹرنیشنل کال ریاکٹ چلایا جارہا ہے۔ اس اطلاع پر فلک نما پولیس نے ٹاسک فورس کی مدد سے محمد امجد خان کو انڈین ٹیلی گرافک ایکٹ اور دھوکہ دہی کے الزام میں گرفتار کرلیا اور اُس کے قبضہ سے 8 سم باکس، ایک لیاپ ٹاپ اور دیگر اشیاء برآمد کرلیا جبکہ سِم کارڈ فراہم کرنے والے یوسف حسن کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔ پولیس نے کہاکہ مذکورہ افراد گزشتہ 6 سال سے یہ ریاکٹ چلارہے تھے جس کی وجہ سے سرکاری خزانے کو ایک کروڑ 44 لاکھ روپئے کا نقصان ہوا۔