حیدرآباد۔/21فبروری، ( سیاست نیوز) سنٹرل کرائم اسٹیشن ( سی سی ایس ) کی سائبر کرائم پولیس نے انٹر نیشنل لاٹری دھوکہ دہی میں ملوث تین افراد کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضہ سے بھاری نقد رقم، موبائیل فون و دیگر اشیاء برآمد کرلی۔ ڈپٹی کمشنر پولیس ڈیٹکٹیو ڈپارٹمنٹ مسٹر پی پالا راجو نے بتایا کہ کاچیگوڑہ کی ساکن طیبہ سلطانہ نے سائبر کرائم پولیس میں ایک شکایت درج کرائی جس میں انہوں نے بتایا کہ کے بی سی ڈرا کے تحت انٹرنیشنل لاٹری جیتنے کی اطلاع دیتے ہوئے ان سے 12لاکھ روپئے حاصل کئے گئے۔سائبر کرائم پولیس نے اس سلسلہ میں ایک مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کیا تھا اور اس کیس میں ملوث تین افراد 24سالہ شہنشاہ، 26سالہ محمد آفتاب متوطن الہ آباد( اترپردیش) اور 24سالہ سجیت کمار کو گرفتار کرلیا۔
پولیس تحقیقات میں یہ معلوم ہوا کہ انٹرنیشنل منی ریاکٹ لاٹری اسکیم پاکستانی ٹولی سعودی عرب سے چلا رہی ہے اور حیدرآباد کے عوام کو نشانہ بناتے ہوئے ان سے لاکھوں روپئے ہڑپ لئے۔بتایا جاتا ہے کہ شہنشاہ اپنے دیگر ساتھیوں کی مدد سے فرضی بینک اکاؤنٹ نمبرات پاکستانی ٹولی کو بذریعہ فون فراہم کرتے ہوئے حیدرآباد کے عوام کو فون کرتے ہوئے انہیں کے بی سی ڈرا کے تحت لاٹری جیتنے کی خوشخبری سناتے ہوئے 25لاکھ روپئے کا چیک انہیں حوالہ کرنے کی پیشکش کرتے ۔مذکورہ چیکس کی رقم حاصل کرنے کیلئے عوام کو یہ بتاتے کہ انہیں کسٹم ڈیوٹی ، بینک کلیرنس اور انکم ٹیکس کیلئے ان کے بتائے ہوئے اکاؤنٹ میںرقم منتقل کی جائے۔
مسٹر سندیپ شنڈیلیا نے مزید بتایا کہ پاکستانی ٹولی جو سعودی عرب سے دھوکہ دہی کا کاروبار چلارہی ہے حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے چند افراد کی مدد سے مقامی عوام کو نشانہ بنایا کرتی تھی۔طیبہ سلطانہ سے دھوکہ بازوں نے 12لاکھ روپئے ہڑپ لئے تھے اور پولیس نے ملزمین کو گرفتار کرنے میں کامیابی حاصل کرلی۔ سائبر کرائم پولیس نے گرفتار شہنشاہ، آفتاب اور سجیت کمار کے قبضہ سے 15لاکھ روپئے نقد رقم، 4موبائیل فونس، 70ڈیبٹ کارڈ اور دیگر اشیاء برآمد کرتے ہوئے انہیں عدالت میں پیش کردیا۔