حیدرآباد ۔4 جون ۔(سیاست ڈاٹ کام) دہلی میں سائنس اولمپیاڈ فاؤنڈیشن کی جانب سے منعقدہ اولمپیاڈ ایوارڈس جس میں تقریباً 40 لاکھ طلبہ نے دنیا بھر سے شرکت کی تھی اس میں حیدرآباد کے 6 طلبہ نے ایوارڈس حاصل کئے ہیں ۔ ان مقابلوں میں 19 ممالک سے اولمپیاڈ میں طلبہ نے شرکت کی جس میں صرف ہندوستان کے 1400 شہر وں سے 31,500 سے زائد طلبہ نے مقابلوں میں حصہ لیا تھا جس میں حیدرآباد کے 6 طلبہ نے انٹرنیشنل رینکس حاصل کرتے ہوئے شہر کا نام روشن کیا ہے ۔ کامیاب ہونے والے طلبہ کو 50,000 روپئے نقد انعام کے علاوہ میڈل اور سند دی گئی ہے ۔ جیسا کہ اس اولمپیاڈ کا عنوان ’’انٹرنیشنل انگلش اولمپیاڈ ‘‘ رکھا گیا تھا ۔ دہلی پبلک اسکول کی ساتویں جماعت کی طالبہ نمت گل، سلیٹ دی اسکول کی طالبہ پی یوونیت ، چیتنیا جونیر کالج میں 12 ویں جماعت کے طالب علم ایس سائی شراونی کو ریاضی کے زمرے میں بین الاقوامی سطح کا پہلا مقام حاصل ہوا ہے ۔ ایوارڈ اور انعام حاصل کرنے والے دیگر طلبہ میںاتھروا اے گورنٹیوار ، یش گارگ اور سوہنی رنگاراجن شامل ہیں ۔ اس موقع پر شرکاء میں سرفہرست دس مقامات حاصل کرنے والے طلبہ کے پرنسپلس اور سرفہرست 40 مقامات حاصل کرنے والے طلبہ کے ٹیچرس کو بھی تہنیت پیش کی گئی ۔ اس موقع پر ایس او ایف کے ایکزیکٹیو ڈائرکٹر اور بانی مسٹر مہاویر سنگھ نے کہا کہ ہندوستان کے تقریباً 1500 شہروں سے 32,000 طلبہ نے شرکت کرتے ہوئے ان مقابلوں کو انتہائی کامیاب بنایا ہے اور اس دوران ملک بھر کے مختلف اسکولس سے کئی باصلاحیت طلبہ منظرعام پر آئے ہیں جس کی بنیاد پر ہندوستان کے تابناک مستقبل کا اشارہ دیا جاسکتا ہے ۔