انٹرنیشنل اسلامک بک فیر کا جناب محمد محمود علی کے ہاتھوں افتتاح

باذوق علم دوست حیدرآبادیوں کا پرجوش خیر مقدم ، سرکردہ شخصیتوں کی شرکت
حیدرآباد ۔ 14 نومبر ۔ ( سیاست نیوز ) حکومت تلنگانہ مقبوضہ اوقافی جائیدادوں کے علاوہ سابقہ حکومتوں کی جانب سے فروخت کردہ وقف جائیدادوں کی واپس حصولیابی کیلئے قانون سازی کی ۔ ڈپٹی چیف منسٹر تلنگانہ محمد محمود علی نے آج دوسرے بین الاقوامی ھدیٰ اسلامک بک فیر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کے دوران یہ بات کہی ۔ انھوں نے بتایا کہ اوقافی جائیدادوں پر موجود قبضہ جات کو برخاست کرواتے ہوئے واپس حاصل کیا جائیگا اور ان جائیدادوں کا استعمال اقلیتوں کی معاشی سماجی و تعلیمی ترقی کیلئے ہوگا ۔ جناب محمد محمود علی نے حج ہاوز سے متصل نئی وقف بورڈ کی عمارت میں اسلامک کتب کی نمائش کے ساتھ عمارت کے افتتاح کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت تلنگانہ نے مذکورہ عمارت کی بلدی فیس معاف کرنے کا اعلان کرتے ہوئے اندرون دو یوم احکام جاری کئے ہیں۔ انھوں نے مزید بتایا کہ حج ہاوز سے متصل اس عمارت میں مسلمانوں کو معاشی و تعلیمی اغراض و مقاصد کیلئے جگہ کرایہ پر فراہم کی جائے گی ۔ اس مقام پر کوئی ہوٹل یا دیگر سرگرمیوں کیلئے اجازت حاصل نہیں رہے گی ۔ جناب محمد محمود علی نے بتایا کہ حج ہاوز کی عمارت کو غیرضروری افراد کی آماجگاہ بننے نہیں دیا جائے گا ۔ اسلامک بک فیر کی افتتاحی تقریب میں مولانا خالد سیف اﷲ رحمانی ، مولانا رحیم قریشی صدر مجلس تعمیر ملت ، مولانا نصیر الدین ، مولانا حافظ پیر شبیر احمد ، مولانا محمد حسام الدین ثانی جعفر پاشاہ، مولانا فصیح الدین نظامی ، مولانا محمد رحیم الدین انصاری ، مولانا صفی احمد مدنی ، جناب محمد جلال الدین اکبر آئی ایف ایس اسپیشل آفیسر وقف بورڈ ، ڈاکٹر ایس اے شکور ڈائرکٹر سکریٹری اردو اکیڈیمی ،برادر محمد اظہرالدین ، جناب ملک معتصم خان ،جناب اقبال احمد انجینئر ، جناب حامد محمد خان کے علاوہ دیگر اہم شخصیات موجود تھیں۔ جناب محمد محمود علی نے اس موقع پر بتایا کہ حکومت تلنگانہ بہت جلد محکمہ اقلیتی بہبود میں تقررات کے سلسلے میں احکام جاری کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے ۔ حکومت تلنگانہ اقلیتوں کی فلاح و بہبود کے معاملے میں سنجیدہ ہے اورآئندہ چار ماہ کے دوران شادی مبارک اسکیم کے تحت 20,800 مستحق لڑکیوں کو 51,000/- روپئے کی امداد تقسیم کرنے کا نشانہ مقرر کیا گیا ہے۔ حکومت تلنگانہ ریاست کی مجموعی ترقی بالخصوص مسلمانوں کی ترقی کو یقینی بنانے میں کوئی کسر باقی نہیں رکھے گی ۔ اس تقریب میں نظامت کے فرائض جناب اسلم فرشوری نے انجام دیئے ۔ ابتداء میں جناب سید عبدالباسط شکیل نے مہمانوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے عالمی نمائش کتب کے انعقاد کے اغراض و مقاصد سے واقف کروایا۔ آخر میں برادر محمد اظہرالدین نے شرکاء سے اظہارتشکر کیا۔ بعد ازاں جناب محمد محمودعلی نے کتابوں کی نمائش کا باضابطہ افتتاح انجام دیا ، جہاں پر ھدیٰ بک ڈپو کے زیراہتمام منعقدہ دوسری بین الاقوامی اسلامک کتب کی نمائش میں زائد از 100 ناشرین کی جانب سے شائع کی جانے والی کتب موجود ہیں۔ صدر مجلس کے علاوہ دیگر نے آج نمائش کا مشاہدہ کرتے ہوئے اپنے تاثرات ظاہر کئے اور نمائش کو علمی خزانے سے تعبیر کیا۔ جناب سید عبدالباسط شکیل نے بتایا کہ نمائش کے انعقاد کا مقصد مطالعہ کے ذوق میں اضافہ کے علاوہ ناشرین کی حوصلہ افزائی کے ساتھ ساتھ علمی فروغ کی کوشش ہے ۔