یلاریڈی ۔ 21 ۔ جولائی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) یلاریڈی حلقہ میں منڈل گندھاری ، تاڑوائی ، سداشیو سنگر ، لنگم پیٹ ، منڈلوں کے گورنمنٹ جونیر کالجس ہیں ۔ ان تمام کالجس کی حصار بندی نہیں ہے ۔ جس سے کالجوں کے احاطہ میں حیوانات کا داخل ہونا روز کا معمول بن گیا ہے اس کے ساتھ ساتھ زہریلی سانپ وغیرہ بھی طلباء کیلئے خطرہ بنے ہیں۔ سداشیو نگر جونیر کالج میں طلبہ کیلئے فرنیچر کی کمی ہے ۔ ضلع بھر میں سب سے زائد طلباء والا کالج منڈل لنگم پیٹ کا ہے جس میں سال اول میں طلباء کی تعداد 337 ہے تو سال دوم میں 283 طلباء تعلیم حاصل کررہے ہیں ۔ اور انہیں بیٹھنے کیلئے 300 طلباء کو بینچس نہ ہونے پر فرش پر بیٹھ کر تعلیم حاصل کررہے ہیں ۔ کمرہ جماعتوں کی کمی سے بھی تمام نصاب سے متعلقہ تجربات ایک جگہ ہی کئے جارہے ہیں ۔ منڈل تاڑوائی کالج میں تقریباً 200 طلباء صرف تین کمرہ جماعتوں میں ہی چھ کلاسس چلائے جارہے ہیں ۔ کالج کے احاطہ میں بیت الخلائیں تعمیر کئے گئے لیکن پانی کی سہولت نہ ہونے سے عدم استعمال ہیں ۔ تجربات کیلئے آلات ہیں مگر فرنیچر کی قلت ہے اس طرح حلقہ کے اکثر منڈلوں میں طلباء و طالبات کو بے شمار مسائل کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ سرکاری کالجس میں ذمہ داران و سرکار کی اس طرح عدم توجہ طلباء کے مستقبل پر سوالیہ نشان لگارہی ہے ۔ تعلیم سے متعلق بلند بانگ دعوے کرنے والی سرکار عملی طور پر مکمل انتظامات و سہولیات فراہم کرنے میں دلچسپی کا مظاہرہ کرے ورنہ تعلیمی معیار پر منفی اثر پڑیگا ۔