انٹرمیڈیٹ امتحانات کیلئے موثر انتظامات کی ہدایت

محبوب نگر میں جائزہ اجلاس سے جوائنٹ کلکٹر کا خطاب
محبوب نگر۔ 14 فروری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) 27 فروری سے 15 مارچ تک منعقد شدنی انٹرمیڈیٹ امتحانات کے موثر اقدامات کی ہدایت جوائنٹ کلکٹر وینکٹ راؤ نے مختلف محکمہ جات کے عہدیداروں کو دی۔ وہ چہارشنبہ کے دن اپنے چیمبر میں ڈی آر او سورنا لتا، ڈی ایس پی گری بابو، ریوینیو انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن برقی، آر ٹی سی عہدیداروں کے ہمراہ جائزہ اجلاس سے مخاطب تھے۔ انہوں نے کہا کہ انٹرمیڈیٹ امتحانات صبح 9 بجے سے شروع ہوں گے لیکن طلبہ 15 منٹ قبل ہے۔ اپنے اپنے مراکز کو پہونچ جائیں۔ ایک منٹ کی تاخیر کرنے والوں کو مرکز میں داخلہ کی اجازت نہیں ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ انٹرمیڈیٹ سال اول کیلئے 13,223 اور سال دوم کیلئے 12,778 طلباء امتحان لکھیں گے جس کیلئے 42 امتحانی مراکز قائم کئے جارہے ہیں۔ اور 5 مراکز کی حساس مراکز کے طور پر نشاندہی کی گئی ہے۔ انہوں نے متعلقہ تحصیلداروں کو ہدایت دی کہ امتحانی مراکز کے اطراف دفعہ 144 نافذ کریں۔ اجلاس میں تحصیلداران ایم پی ڈی اوز، منڈل اسپیشل آفیسرس اور مقامی پولیس عہدیداروں کے ساتھ کوآرڈینیشن کمیٹیاں قائم کرنے کی ہدایت دی گئی۔ امتحانات پرامن انعقاد میں کوئی کسر باقی نہ رکھیں۔ نقل نویسی کی روک تھام کیلئے چیف سپرنٹنڈنٹ کو خصوصی تربیت فراہم کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ خانگی کالجس کے مراکز پر شکایات وصول ہوتی ہیں۔ اس کی یکسوئی کے اقدامات کئے جائیں گے۰ امتحانات کے دوران برقی سربراہی اور پینے کے پانی کا معقول نظم کیا جائے۔