انوپم کھیر کی نریندر مودی سے ملاقات

نئی دہلی۔/20مئی، ( سیاست ڈاٹ کام ) بالی ووڈ ایکٹر انوپم کھیر نے آج ملک کے آئندہ وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کرتے ہوئے ان کی جوانمردی اور حب الوطنی کی زبردست ستائش کی۔ انوپم کھیر نے یہاں گجرات بھون میں مودی سے ملاقات کی اور بعد ازاں اپنے ٹوئٹر پر ملاقات کی تصویر بھی پوسٹ کی جہاں انہوں نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ مودی سے ملاقات حیرت انگیز رہی۔ میں ان کی جوانمردی اور حب الوطنی کو سلام کرتا ہوں۔جئے ہو۔ یاد رہے کہ چندی گڑھ سے بی جے پی کے ٹکٹ پر انوپم کھیر کی اہلیہ کرن کھیر نے کامیابی حاصل کی۔

انتخابی مہم کے دوران بھی انوپم کھیر اپنی اہلیہ کے ساتھ رہے جبکہ مودی کی قیادت میں بی جے پی نے 545 لوک سبھا نشستوں کے منجملہ 282 نشستوں پر قبضہ کرلیا اور اس طرح آزادی کے بعد مرکز میں اپنے بل بوتے پر ایک غیر کانگریسی حکومت کا پہلی بار قیام عمل میں آیا۔ نریندر مودی فی الحال دہلی میںہیں جہاں انہیں بی جے پی پارلیمانی پارٹی کا قائد منتخب کیا گیا ہے جس کے ذریعہ ان کے وزیر اعظم بننے کی راہ ہموار ہوگئی۔

’’ ارونا چل میں بی جے پی تعمیری اپوزیشن کا رول کریگی‘‘
ایٹا نگر۔/20مئی، ( سیاست ڈاٹ کام ) بی جے پی جس نے حالیہ اختتام پذیر لوک سبھا انتخابات میں ہماچل پردیش سے گیارہ نشستوں پر کامیابی حاصل کی اس نے آج واضح کردیا کہ وہ عوامی مفاد کیلئے اپنی لڑائی جاری رکھے گی اور اسمبلی میں ایک تعمیری اپوزیشن کا رول بخوبی انجام دے گی۔ بی جے پی کے قومی جنرل سکریٹری تاپیرگاؤ نے ایک اجلاس کے دوران کہا کہ بی جے پی کی ٹیم تجربہ کار ٹیکنو کریٹس، بیوروکریٹس اور ایک ڈاکٹر پر مشتمل ہے اور اس طرح پارٹی کسی بھی چیلنج کا سامنا کرنے تیار ہے۔تیزو ٹاؤن شپ میں مابعد انتخابات پھوٹ پڑنے والے تشدد کے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے گاؤ نے اس واقعہ کیلئے حکمراں کانگریس کو مورد الزام ٹھہرایا۔ یاد رہے کہ تیزٹاؤن شپ میں 17مئی کو 22مکانات نذرِ آتش کردیئے گئے تھے جبکہ راگا میں دو گوداموں کو آگ لگائی گئی تھی۔ یہی نہیں بلکہ پاسی گھاٹ میں غیر قبائیلی افراد کو ڈرایا دھمکایا بھی گیا۔