نئی دہلی۔ 3 فروری (سیاست ڈاٹ کام) بالی ووڈ اداکار انوپم کھیر کے ویزا مسئلہ پر شدید تنقید کرتے ہوئے کانگریس نے آج کہا کہ ’’روادار‘‘ ہندوستان کی علامت سمجھے جانے والے اداکار اگر پاکستان جانا ہی چاہتے ہیں تو وزیراعظم نریندر مودی اُن کے دوست نواز شریف سے بات کرکے یہ سہولت فراہم کرسکتے ہیں۔ کانگریس ترجمان منیش تیواری نے ٹوئٹ کیا کہ ’’اگر روادار ہندوستان کے ’پوسٹر بوائے‘ کو پاکستان جانے میں اتنی ہی دلچسپی ہے تو ان کے دوست وزیراعظم نریندر مودی یقیناً اپنے ساتھی نواز شریف سے بات کرکے یہ سہولت بہم پہونچا سکتے ہیں؟‘‘ کانگریس جنرل سیکریٹری ڈگ وجئے سنگھ نے بھی انوپم کھیر کو ویزا کی فراہمی سے انکار پر جاری ہنگامہ آرائی کے بارے میں سوال اٹھایا۔ انہوں نے کہا کہ کیا ہر انفرادی شخص کے لئے یہ لازمی نہیں ہے کہ وہ ویزا کیلئے اپنی درخواست داخل کرے۔ انوپم کھیر نے خود یہ اعتراف کیا ہے کہ انہوں نے پاکستانی سفارت خانہ میں درخواست نہیں دی ہے، تب ارنب (گوسوامی) اور انوپم کھیر کے بارے میں آخر اس قدر ہنگامہ آرائی کیوں کی جارہی ہے۔ فلم اداکار نے گزشتہ سال ملک میں بڑھتی عدم رواداری کے خلاف احتجاجی مارچ کے جواب میں ریالی منظم کی تھی۔ پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط نے کل انوپم کھیر سے ربط قائم کیا تھا۔ فلم اداکار نے بتایا کہ انہیں کراچی لٹریری فیسٹیول میں شرکت کیلئے ویزا جاری نہیں کیا گیا حالانکہ دیگر 17 افراد کو ویزا دستاویزات جاری کئے گئے ہیں۔